Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
عامُوسؔ 8
پکے ہُوئے پھلوں کا رُویا
یَاہوِہ قادر نے مُجھے پکے ہُوئے پھلوں کی ایک ٹوکری دِکھائی۔ اُنہُوں نے مُجھ سے پُوچھا، ”اَے عامُوسؔ، تُو کیا دیکھتا ہے؟“
مَیں نے جَواب دیا، ”پکے ہُوئے پھلوں کی ایک ٹوکری۔“
تَب یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”میری قوم بنی اِسرائیل کا وقت پُورا1 ہو گیا ہے؛ اَب مَیں اُنہیں نہیں چھوڑوں گا۔“
یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں، ”اُس دِن، بیت المُقدّس کے نغمے ماتم میں تبدیل ہو جایٔیں گے۔ ہر طرف بہت سِی لاشیں پڑی ہوں گی اَور خاموشی چھائی ہوگی!“
تُم جو ضروُرت مندوں کو کُچلتے رہتے ہو
اَور مُلک کے مسکینوں کو مٹاتے رہتے ہو، یہ کلام سُنو۔
تُم کہتے ہو،
”نئے چاند کی عید کب گزرے گی
تاکہ ہم اَپنا اناج فروخت کریں،
سَبت کا دِن کب ختم ہوگا
تاکہ ہم گیہُوں کے فروخت کے واسطے اَپنے کھتّے کھولیں؟“
تُم ایفہ کو چھوٹا
اَور ثاقل کو ناپ میں بڑا کرتے ہو،
اَور دغابازی کے ترازو سے ٹھگتے ہو،
تُم مسکینوں کو رُوپیہ سے
اَور حاجت مند کو ایک جوڑی جُوتے سے خریدتے ہو،
اَور گیہُوں کے ساتھ پھٹکن بھی بیچتے ہو۔
یَاہوِہ یعقوب کی حشمت کی قَسم کھا کر فرماتے ہیں، ”جو کچھ اُنہُوں نے کیا ہے، مَیں اُن میں سے ایک کو بھی نہ بھُولوں گا۔
”کیا اِس سبب سے زمین نہ تھرتھرائے گی،
اَور اُن کے ہر باشِندے ماتم نہ کریں گے؟
سارا مُلک دریائے نیل کی مانند ہوگا
جو اُفنے گی، پھر اُس میں لہریں اُٹھے گا،
اَور پھر وہ مُلک مِصر کے دریائے کی مانند بالکُل پُرسکون ہو جایٔےگا۔“
یَاہوِہ قادر اعلان کرتے ہیں،
”اُس دِن، مَیں آفتاب کو دوپہر کے وقت غروب کروں گا
اَور زمین پر دِن میں ہی تاریکی کر دُوں گا۔
مَیں تمہاری عیدوں کو ماتم میں
اَور تمہارے نغموں کو نوحے میں تبدیل کر دُوں گا۔
اَور تُم سَب کو ٹاٹ پہناؤں گا
اَور تُم سَب کے سَر کو گنجا کر دُوں گا۔
اَور اَیسا ماتم برپا کروں گا جَیسے اِکلوتے بیٹے کی خاطِر ہوتاہے
اَور اُس کا اَنجام روزِ تلخ جَیسا ہوگا۔“
یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں، ”وہ دِن آ رہے ہیں،
جَب مَیں اُس مُلک میں قحط نازل کروں گا،
جو نہ روٹی کا نہ پانی کا،
بَلکہ خُدا کے کلام کا قحط ہوگا۔
لوگ یَاہوِہ کے کلام کی تلاش میں،
سمُندر سے سمُندر تک
اَور شمال سے مشرق تک بھٹکتے پھریں گے؛
لیکن کہیں نہ پائیں گے۔
”اُس دِن
”حسین عورتیں اَور جَوان مَرد
پیاس سے بے ہوش ہو جایٔیں گے۔
جو لوگ سامریہؔ کے خطا کی قَسم کھا کر کہتے ہیں،
’دانؔ کے معبُود کے حیات کی قَسم،‘
یا ’بیرشبعؔ کے معبُود کے حیات کی قَسم،‘
وہ اَیسے گریں گے گویا پھر کبھی نہ اُٹھیں گے۔“
Source notes (1)
- Footnote وقت پُورا اصل عِبرانی میں وقت پک چُکاہے
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.