Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
2 شموایلؔ 4
اِشبوستؔ کا قتل
جَب شاؤل کے بیٹے اِشبوستؔ نے سُنا کہ ابنیرؔ حِبرونؔ میں مَر گیا ہے تو وہ پست ہِمّت ہو گیا اَور اِسرائیل کے سارے لوگوں پر خوف طاری ہو گیا۔ شاؤل کے بیٹے کے دو آدمی چھاپہ مار دستوں کے سردار تھے۔ ایک کا نام بعناہ اَور دُوسرے کا ریخابؔ تھا اَور وہ رِمّونؔ بیروتی کے بیٹے تھے جو بِنیامین کے قبیلہ سے تھا۔ بیروت بِنیامین کا حِصّہ سمجھا جاتا ہے۔ کیونکہ بیروت کے لوگ گِتَّئیم کو بھاگ گیٔے تھے اَور آج تک وہاں پردیسی کی طرح مُقیم ہیں۔
(یُوناتانؔ بِن شاؤل کا ایک بیٹا تھا جو دونوں ٹانگوں سے لنگڑا تھا اَور جَب یزرعیلؔ کی طرف سے شاؤل اَور یُوناتانؔ کے متعلّق خبر مِلی تو وہ پانچ سال کا تھا۔ اُس کی دایہ اُسے جلدی سے اُٹھاکر بھاگی اَور گھبراہٹ میں وہ اُس کی گود سے گِر گیا اَور لنگڑا ہو گیا۔ اُس کا نام مفِیبوستؔ تھا)۔
رِمّونؔ بیروتی کے بیٹے ریخابؔ اَور بعناہ اِشبوستؔ کے گھر جانے کے لیٔے روانہ ہُوئے اَور شِدّت کی دھوپ میں وہاں پہُنچے۔ وہ دوپہر کو وہاں آرام کر رہاتھا۔ اَور وہ گیہُوں لینے کے بہانے گھر کے اَندرونی حِصّہ میں گھُسے اَور اُنہُوں نے اُس کے پیٹ میں چھُرا گھونپ دیا اَور پھر ریخابؔ اَور اُس کا بھایٔی بعناہ چُپکے سے باہر نکل گیٔے۔
وہ اُس گھر میں اُس وقت داخل ہُوئے جَب اِشبوستؔ اَپنی خواب گاہ میں بِستر پر سو رہاتھا۔ اُنہُوں نے اُسے چھُرا گھونپ کر مار ڈالا اَور اُس کا سَر کاٹ لیا۔ اَور اِشبوستؔ کے سَر اَپنے ساتھ لے کر رات بھر عراباہؔ کے میدان کی راہ سے سفر کیا۔ وہ اِشبوستؔ کے سَر کو حِبرونؔ میں داویؔد کے پاس لایٔے اَور بادشاہ سے کہنے لگے کہ، ”یہ ہے تمہارے دُشمن شاؤل کے بیٹے اِشبوستؔ کا سَر جِس نے تمہاری جان لینے کی کوشش کی۔ آج یَاہوِہ نے میرے آقا بادشاہ کا اِنتقام شاؤل اَور اُس کی نَسل سے لے لیا ہے۔“
داویؔد نے ریخابؔ اَور اُس کے بھایٔی بعناہ کو جو رِمّونؔ بیروتی کے بیٹے تھے جَواب دیا، ”کہ یَاہوِہ کی حیات کی قَسم جِس نے مُجھے ہر مُصیبت سے رِہائی دی ہے۔ ایک آدمی نے آکر مُجھے یہ بتایا، ’شاؤل مَر گیا ہے،‘ تو مَیں نے صِقلاگ میں اُسے پکڑکر قتل کر دیا۔ اُس نے سوچا کہ وہ میرے لیٔے اَچھّی خبر لا رہاہے۔ لیکن یہ تھا وہ اِنعام جو مَیں نے اُسے اُس کی خبر کے بدلہ میں دیا۔ پس جَب بدکار لوگوں نے ایک بےگُناہ آدمی کو اُسی کے گھر میں اُس کے بِستر پر قتل کیا ہے تو مُجھ پر کس قدر زِیادہ واجِب ہے کہ اُس کے خُون کا بدلہ تُم سے لُوں اَور زمین کو تمہارے وُجُود سے پاک کر دُوں۔“
لہٰذا داویؔد نے اَپنے آدمیوں کو اُن کے قتل کا حُکم دیا اَور وہ قتل کر دئیے گیٔے اَور اُنہُوں نے اُن کے ہاتھ پاؤں کاٹ کر اُن کی لاشوں کو حِبرونؔ میں تالاب کے پاس لٹکا دیا۔ لیکن اُنہُوں نے اِشبوستؔ کا سَر لے لیا اَور اُسے حِبرونؔ میں ابنیرؔ کی قبر میں دفن کر دیا۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.