Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
امثال 9
حِکمت اَور حماقت کی دعوتیں
حِکمت نے اَپنا گھر بنا لیا؛
اُس نے اَپنے ساتوں سُتون تراش لیٔے ہیں۔
اُس نے اَپنا قُربانی کا گوشت پکا لیا اَور اَپنے جام میں شراب اُنڈیل لی ہے؛
اَور اَپنا دسترخوان بھی آراستہ کر لیا ہے۔
وہ اَپنی سہیلیوں کو اُس خبر کے ساتھ روانہ کر چُکی ہے
اَور خُود بھی شہر کے بالا ترین مقام سے پُکار رہی ہے۔
”جو کوئی سادہ دِل ہے وہ یہاں آ جائے!“
نادان لوگوں سے وہ یہ کہتی ہے:
”آؤ، میرے ساتھ کھانے میں شریک ہو جاؤ۔
اَور میرے تیّار کئے ہُوئے جامِ شراب میں سے شراب لے کر پیو۔
سادہ پن چھوڑ دو تاکہ زندہ رہو؛
اَور فہم کی راہ پر چلو۔“
جو کسی ٹھٹّھےباز کو سمجھانے کی کوشش کرتا ہے وہ ذِلّت کا مُنہ دیکھتا ہے؛
اَورجو بدکار کو تنبیہ کرتا ہے گالِیاں کھاتا ہے۔
ٹھٹّھےباز کو مت ڈانٹو، اَیسا نہ ہو وہ تُم سے نفرت کرنے لگے؛
لیکن دانشمند کو ڈانٹ تو وہ تُم سے مَحَبّت رکھےگا۔
اَور تُم سے تربّیت پا کر اَور بھی دانا ہو جائے گا؛
صادق کو تعلیم دو، تو اُس کے علم میں اِضافہ ہوگا۔
یَاہوِہ کا خوف حِکمت کی اِبتدا ہے،
اَور اُس قُدُّوس خُدا کا عِرفان ہی دانش ہے۔
کیونکہ میری بدولت تمہارے ایّام بڑھ جایٔیں گے،
اَور تمہاری زندگی کے بَرس زِیادہ ہو جایٔیں گے۔
اگر تُم دانشمند ہو تو تمہاری دانشمندی تمہارا اجر ہے؛
اَور اگر تُم دانش کا مذاق اُڑاتے ہو، تُم خُود ہی بھگتوگے۔
بےوقُوف عورت شور مچاتی ہے؛
وہ نادان ہے اَور کچھ نہیں جانتی۔
وہ اَپنے گھر کے دروازہ پر،
اَور شہر کے کسی اُونچے مقام پر بیٹھ جاتی ہے،
اَور اُن راہ گیروں کو،
جو اَپنے اَپنے راستہ پر سیدھے چلے جا رہے ہیں، یہ کہہ کر پُکارتی ہے کہ
”جو کوئی سادہ دِل ہے، وہ یہاں آ جائے!“
نادان لوگوں سے وہ یہ کہتی ہے،
”چوری کا پانی میٹھا ہوتاہے؛
اَور پوشیدگی کی روٹی لذیذ ہوتی ہے!“
لیکن اَیسے جاہل لوگ شاید ہی جانتے ہیں کہ وہاں جانے والے دَم توڑ چُکے ہیں،
اَور اُس عورت کے مہمان پاتال کی گہرائی میں پہُنچ چُکے ہیں۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.