Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

امثال 27

آنے والے کل پر گھمنڈ نہ کرو،

کیونکہ تُم نہیں جانتے کہ اُس دِن کیا ہوگا۔

بہتر یہ ہے کہ غَیر تمہاری تعریف کریں، نہ کہ تمہارا اَپنا مُنہ؛

کویٔی بیگانہ کرے، نہ کہ تمہارے اَپنے ہونٹ۔

پتّھر بھاری ہوتاہے، اَور ریت وزنی،

لیکن احمق کا غُصّہ اُن دونوں سے بھاری ہے۔

غُصّہ سخت بے رحمی اَور غضب، سیلاب ہے،

لیکن حَسد کے سامنے کون ٹِک سَکتا ہے؟

چھپی مَحَبّت سے

کھُلی ملامت بہتر ہے۔

جو زخم عزیز دوست کے ہاتھ سے لگیں، اُن پر بھروسا کیا جا سَکتا ہے،

لیکن دُشمن کے بوسے شُمار میں زِیادہ ہوتے ہیں۔

جو آدمی سیر ہو چُکاہے، اُسے شہد بھی اَچھّا نہیں لگتا،

لیکن بھُوکے اِنسان کے لیٔے کڑوی شَے بھی میٹھی ہوتی ہے۔

جو آدمی اَپنا گھر چھوڑ دیتاہے

وہ اُس پرندے کی مانند ہے جو اَپنے گھونسلے سے بھٹک گیا ہو۔

عطر اَور لوبان دِل کو فرحت بخشتے ہیں،

اِسی طرح دوست کی سچّی مشورت سے جان راحت پاتی ہے۔

اَپنے دوست اَور اَپنے باپ کے دوست کو ترک نہ کرو،

اَور جَب تُم پر مُصیبت آ پڑے تو اَپنے بھایٔی کے گھر نہ جاؤ۔

قریب رہنے والا ہمسایہ دُور رہنے والے بھایٔی سے بہتر ہے۔

اَے میرے بیٹے! دانشمند بنو اَور میرے دِل کو شاد کرو؛

تاکہ میں اَپنے ملامت کرنے والے کو جَواب دے سکوں۔

ہوشیار آدمی خطرہ دیکھ کر پناہ ڈھونڈ لیتا ہے،

لیکن نادان آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں اَور نُقصان اُٹھاتے ہیں۔

جو کسی بیگانہ کا ضامن ہو، اُس کا کپڑا چھین کر رکھ لو؛

اَور اگر اُس نے کسی اجنبی عورت کی ضمانت دی ہو تو اُس کے کپڑے کو گروی رکھ لو۔

اگر کویٔی آدمی صُبح سویرے اُٹھ کر اَپنے ہمسایہ کے لیٔے بُلند آواز سے دُعائے خیر کرتا ہے،1

تو اُسے لعنت گِنا جائے گا۔

جھگڑالو عورت اَور

جھڑی کے دِن کا مُتواتر ٹپکا یکساں ہوتے ہیں؛

اُسے روکنا، ہَوا کو روکنے کی طرح ہے

یا تیل کو ہاتھ سے پکڑنے کی کوشش کرنا۔

جِس طرح لوہا لوہے کو تیز کرتا ہے،

وَیسے ہی ایک آدمی دُوسرے آدمی کی ذہانت کو تیز کرنے کا باعث بنتا ہے۔

جو اَنجیر کے درخت کی حِفاظت کرتا ہے، وہ اُس کا پھل کھائے گا،

اَورجو اَپنے آقا کا خیال رکھتا ہے، عزّت پایٔےگا۔

جِس طرح پانی میں آدمی کا اَور اُس کے چہرہ کا عکس ایک سا دِکھائی دیتاہے،

اُسی طرح آدمی کا عکس آدمی کے دِل سے ظاہر ہوتاہے۔

جِس طرح موت اَور ہلاکت کا بھر جانا ممکن نہیں،

اُسی طرح اِنسان کی آنکھیں سیر نہیں ہوتیں۔

چاندی کے لیٔے کُٹھالی اَور سونے کے لیٔے بھٹّی ہوتی ہے،

وَیسے ہی اِنسان اَپنی تعریف سے آزمایا جاتا ہے۔

چاہے تُم احمق کو اوکھلی میں ڈال کر کُوٹو،

جَیسے اناج کو موسل سے کُوٹتے ہیں،

تو بھی اُس کی حماقت اُس سے دُور نہ ہوگی۔

اَپنے مویشیوں کی حالت اَچھّی دیکھ کر مطمئن ہو،

اَور اَپنے گلّوں کا اَچھّی طرح سے خیال رکھو؛

کیونکہ دولت سدا نہیں رہتی،

اَور نہ تاج2 پُشت در پُشت محفوظ رہتاہے۔

جَب سُوکھی گھاس جمع کرلی جاتی ہے، تو نئی پیدا ہو جاتی ہے

اَور پہاڑیوں پر سے چارہ کاٹ کر جمع کر لیا جاتا ہے،

برّے تُمہیں لباس مُہیّا کریں گے،

اَور بکریاں کھیتوں کی قیمت اَدا کریں گی۔

تمہارے پاس بکریوں کا دُودھ کثرت سے ہوگا جو تمہارے اَور تمہارے خاندان کے پینے کے لیٔے

اَور تمہاری خادِماؤں کے گذارے کے لیٔے کافی ہوگا۔

Source notes (2)
  1. Footnote دُعائے خیر کرتا ہے، برکت
  2. Footnote تاج قومیں

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.