Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

امثال 20

مَے مضحکہ خیز ہوتی ہے اَور شراب ہنگامہ برپا کرتی ہے؛

اَورجو کویٔی اُن کی وجہ سے بہک جاتا ہے وہ دانا نہیں ہے۔

بادشاہ کا غضب شیر کی گرج کے مانند ہوتاہے؛

جو کویٔی اُسے غُصّہ دِلاتا ہے اَپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔

جھگڑے سے دُور رہنے میں اِنسان کی عزّت ہے،

لیکن ہر احمق جھگڑنے کے لیٔے تیّار رہتاہے۔

کاہل آدمی وقت پر ہل نہیں چلاتا؛

اِس لیٔے فصل کاٹنے کے وقت وہ ڈھونڈتا ہے لیکن کچھ نہیں پاتا۔

مشورے اِنسان کے دِل میں گہرے پانی کی مانند ہوتے ہیں،

لیکن صاحبِ فہم اُنہیں اُوپر کھینچ نکالتا ہے۔

اکثر آدمی دعویٰ کرتے ہیں کہ اُن کی لافانی مَحَبّت ہے،

لیکن وفادار آدمی کسے ملے گا؟

راستباز آدمی نیک زندگی گزارتا ہے؛

اُس کے بعد اُس کے بچّے مُبارک ہوتے ہیں۔

جَب ایک بادشاہ اَپنے تخت پر اِنصاف کرنے کے لیٔے بیٹھتا ہے،

تو وہ اَپنی آنکھوں ہی سے ساری بدی کو پھٹک لیتا ہے۔

کون کہہ سَکتا ہے، ”مَیں نے اَپنے دِل کو پاک صَاف کر لیا ہے؛

میں گُناہ سے پاک ہُوں؟“

دو طرح کے پیمانے اَور دو طرح کے پیمانے۔

یَاہوِہ کو اُن دونوں سے نفرت ہے۔

بچّہ بھی اَپنی حرکتوں سے پہچانا جاتا ہے،

کہ اُس کا چال چلن پاک اَور راست ہے یا نہیں۔

سُننے والے کان اَور دیکھنے والی آنکھیں۔

اُن دونوں کو یَاہوِہ نے بنایا ہے۔

نیند کا عزیز نہ ہو ورنہ تُم مُفلس ہو جاؤگے؛

اَپنی آنکھیں کھُلی رکھو، اَور تمہارے پاس ضروُرت سے زائد خُوراک ہوگی۔

خریدار کہتاہے، ”یہ ٹھیک نہیں، یہ اَچھّا نہیں!“

لیکن جَب چل پڑتا ہے تو اَپنی خرید پر فخر کرتا ہے۔

سونا بہت ہے اَور لعل بھی کثرت سے ہیں،

لیکن علم والے ہونٹ اَیسے ہیرے ہیں جو بہت کم پایٔے جاتے ہیں۔

جو کسی بیگانہ کا ضامن ہو، اُس کا کپڑا چھین کر رکھ لو؛

اَور اگر اُس نے کسی اجنبی عورت کی ضمانت دی ہو تو اُس کے کپڑے کو گروی رکھ لو۔

دھوکے سے حاصل کیا ہُوا کھانا آدمی کو میٹھا لگتا ہے،

لیکن آخِرکار اُس کا مُنہ کنکروں سے بھرجاتا ہے۔

منصُوبے بنانے سے پہلے مشورہ کرو؛

اَور جنگ چھیڑنے سے قبل رہنمائی لو۔

چُغل خور پر بھروسا نہیں کیا جا سَکتا؛

لہٰذا تُم بکواسی آدمی سے دُور ہی رہو۔

اگر کویٔی آدمی اَپنے باپ یا اَپنی ماں پر لعنت کرتا ہے،

تو اُس کا چراغ گہری تاریکی میں بُجھایا جائے گا۔

اِبتدا میں جو مِیراث یک لخت مِل جاتی ہے

اُس کا اَنجام مُبارک نہیں ہوتا۔

تُم یہ نہ کہنا، ”میں بدی کا بدلہ لُوں گا!“

یَاہوِہ کی آس رکھو اَور وہ تُمہیں رِہائی بخشیں گے۔

غلط اوزان والے باٹ یَاہوِہ کے نزدیک مکرُوہ ہیں،

اَور دغا کے ترازو اُسے نا پسند ہیں۔

آدمی کے قدم یَاہوِہ کی ہدایت کے مُطابق اُٹھتے ہیں۔

پس کویٔی اَپنی راہ سے کس طرح آشنا ہو سَکتا ہے؟

کسی شَے کو بے سوچے سمجھے مُقدّس قرار دینا

اَور مَنّت ماننے کے بعد اُس پر غور کرنا،

آدمی کے لیٔے پھندا ہے۔

دانشمند بادشاہ بدکاروں کو پھٹکتا ہے؛

اَور گاہنے کا پہیّا اُن پر چلواتا ہے۔

یَاہوِہ کا چراغ، اِنسان کی رُوح کو ٹٹولتا ہے؛

وہ اُس کے باطِن کا حال دریافت کرلیتے ہیں۔1

شفقت اَور سچّائی بادشاہ کی حِفاظت کرتی ہیں؛

اَور شفقت ہی سے اُس کا تخت قائِم رہتاہے۔

جَوانوں کی شان اُن کی قُوّت ہے،

اَور سفید بال بُزرگوں کی زینت ہوتے ہیں۔

کوڑوں کی سزا بدی کو دھو ڈالتی ہے،

اَور تازیانوں کی مار سے باطِن دُھل جاتا ہے۔

Source notes (1)
  1. Footnote 1 کُرن 2‏:11‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.