Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

امثال 2

حِکمت کے اَخلاقی فوائد

اَے میرے بیٹے! اگر تُم میری باتیں قبُول کرو

اَور میرے اَحکام اَپنے دِل میں رکھو،

اَور حِکمت کی طرف کان لگاؤ

اَور فہم سے اَپنا دِل لگائے رکھو،

اَور اگر تُم بصیرت کے لیٔے پُکارو

اَور فہم کے لیٔے آواز بُلند کرو،

اَور تُم اُسے چاندی کی مانند ڈھونڈو

اَور کسی پوشیدہ خزانہ کی مانند اُس کی تلاش کرو،

تَب تُم یَاہوِہ کے خوف کو سمجھ پاؤگے

اَور یَاہوِہ کا علم حاصل کروگے۔

کیونکہ یَاہوِہ حِکمت بخشتے ہیں؛

اَور علم اَور فہم اُن ہی کے مُنہ سے نکلتے ہیں۔

وہ راستبازوں کے لیٔے مدد تیّار رکھتے ہیں،

اَور راست رَو کے لیٔے ڈھال ثابت ہوتے ہیں،

کیونکہ وہ اِنصاف کے راستوں کی نگہبانی کرتے ہیں

اَور اَپنے وفاداروں کی راہ کی حِفاظت کرتے ہیں۔

تَب تُم حق اَور راستی

اَور صحیح، الغرض ہر اَچھّی راہ کو سمجھ پاؤگے۔

کیونکہ حِکمت تمہارے دِل میں داخل ہوگی،

اَور علم تمہاری جان کو فرحت بخشےگا۔

شعور تمہارا نگہبان ہوگا،

اَور فہم تمہاری حِفاظت کرےگا۔

حِکمت تُمہیں بدکار لوگوں کی راہوں سے،

اَور کَج گو کی باتوں سے بچائے گی،

جو راہ راست کو چھوڑ دیتے ہیں

تاکہ تاریک راہوں پر چلیں،

جو بدکاری سے خُوش ہوتے ہیں

اَور شرارت کے کام کرکے مسرُور ہوتے ہیں،

جِن کی راہیں ٹیڑھی ہیں

اَور جِن کی روِشیں پُر فریب ہیں۔

وہ تُمہیں فاحِشہ عورت سے،

اَور اُس بدچلن بیوی کی دلفریب باتوں سے بھی بچائے گی،

جِس نے اَپنی جَوانی کے ساتھی کو چھوڑ دیا

اَور اُس عہد کو بھُول گئی جو اُس نے خُدا کے سامنے باندھا تھا۔

کیونکہ اُس فاحِشہ کا گھر موت کی طرف کھینچتا ہے

اَور اُس کی راہیں پاتال کو جاتی ہیں۔

جو بھی اُس کے پاس جاتا ہے لَوٹ کر نہیں آتا

اَور نہ عتّئیؔ کبھی زندگی کی راہیں پاتاہے۔

حِکمت سے تُم نیک لوگوں کی راہوں پر چلوگے

اَور راستبازوں کے راہوں پر قائِم رہوگے۔

کیونکہ راستباز مُلک میں آباد رہیں گے،

اَور کامل اُس میں بسے رہیں گے؛

لیکن بدکار زمین پر سے کاٹ ڈالے جایٔیں گے،

اَور بدکار اُس مُلک میں سے اُکھاڑ پھینکے جایٔیں گے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.