Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

گِنتی 34

مُلک کنعانؔ کی حُدوُد

یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: ”بنی اِسرائیل کو حُکم دے اَور اُن سے کہہ کہ جَب تُم مُلکِ کنعانؔ میں داخل ہو جو مِیراث کے طور پر تمہارے سُپرد کیا جائے گا تو اُس کی حُدوُد یہ رہیں گی۔

” ’تمہاری جُنوبی سمت میں مُلک اِدُوم کی سرحد سے لگ کر صینؔ کے بیابان کا کچھ حِصّہ شامل ہوگا۔ مشرق کی جانِب تمہاری جُنوبی سرحد بحرمُردار کے سِرے سے شروع ہوکر، درّۂ عقرابیمؔ کے جُنوب سے ہوتی ہُوئی اَور صینؔ سے گزرتی ہُوئی قادِسؔ برنیع کے جُنوب میں جا نکلے۔ تَب وہ حضارادّاؔر کو جا کر عضمُوؔن تک پہُنچے گی، جہاں وہ عضمُوؔن سے مُڑ کر وادی مِصر سے مِل کر سمُندر1 پر ختم ہوگی۔

تمہاری مغربی سرحد بڑے سمُندر کا ساحِل ہوگی۔ یہی تمہاری مغربی سرحد ہوگی۔

شمالی سرحد کے لیٔے بہر رُوم سے کوہِ ہُورؔ تک ایک لکیر کھینچنا، اَور اُسے کوہِ ہُورؔ سے لیبو حماتؔ کے مدخل تک بڑھا لینا۔ تَب وہ سرحد ضِدادؔ تک جائے گی۔ اَور زِفروُنؔ تک ہوتی ہُوئی حضار عینانؔ پر ختم ہوگی۔ یہ تمہاری شمالی سرحد ہوگی۔

مشرقی سرحد کے لیٔے حضار عینانؔ سے شفامؔ تک ایک لکیر کھینچنا۔ پھر وہ سرحد شفامؔ سے نیچے کی طرف عینؔ کے مشرق میں رِبلہؔ کو جائے گی اَور کِنّریتؔ کی جھیل2 کے مشرق کی ڈھلانوں سے ہوتی ہُوئی نکلے گی۔ تَب وہ سرحد یردنؔ کے کنارے سے نکلتی ہُوئی بحرمُردار پر ختم ہوگی۔

” ’ہر طرف کی اِن حُدوُد کے اَندر کا مُلک تمہارا ہوگا۔‘ “

مَوشہ نے بنی اِسرائیل کو حُکم دیا: ”اُس مُلک کو قُرعہ اَندازی کے ذریعہ بطور مِیراث بانٹ لینا۔ یَاہوِہ نے حُکم دیا ہے کہ اِسے ساڑھے نَو قبیلوں کو دیا جائے، کیونکہ رُوبِنؔ کے قبیلہ اَور گادؔ کے قبیلہ اَور منشّہ کے نِصف قبیلہ کے خاندان اَپنی مِیراث پا چُکے ہیں۔ اُن ڈھائی قبیلوں نے یردنؔ کے مشرقی ساحِل پر یریحوؔ کے مقابل جہاں سے آفتاب طُلوع ہوتاہے اَپنی مِیراث پائی ہے۔“

یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”جو لوگ اِس مُلک کو مِیراث کے طور پر تمہارے سُپرد کریں گے اُن کے نام یہ ہیں: الیعزرؔ کاہِنؔ اَور یہوشُعؔ بِن نُونؔ۔ اَور مُلک کو مِیراث کے طور پر بانٹنے میں مدد کرنے کے لیٔے ہر قبیلہ سے ایک سردار کا تقرّر کرنا۔

”اَور اُن کے نام یہ ہیں:

”یہُوداہؔ کے قبیلہ سے یفُنّہؔ کا بیٹا کالبؔ؛

شمعُونؔ کے قبیلہ سے عمّیہُوؔد کا بیٹا شموایلؔ؛

بِنیامین کے قبیلہ سے کِسلونؔ کا بیٹا، اِلیدادؔ؛

دانؔ کے قبیلہ کا سردار یُگلیؔ کا بیٹا بُقّیؔ؛

یُوسیفؔ کے بیٹے منشّہ کے قبیلہ کا سردار حنّی ایل بِن افُود۔

یُوسیفؔ کے بیٹے اِفرائیمؔ کے قبیلہ کا سردار قمُوایلؔ بِن سِفتانؔ۔

زبُولُون کے قبیلہ کا سردار اِلیضفنؔ بِن پرناکؔ۔

یِسَّکاؔر کے قبیلہ کا سردار، پَلطیؔ ايلؔ بِن عَزّانؔ؛

آشیر کے قبیلہ کا سردار اخیہُودؔ بِن شلُومیؔ۔

اَور نفتالی کے قبیلہ کا سردار پِداہیلؔ بِن عمّیہُوؔد۔“

یہ وہ لوگ ہیں جنہیں یَاہوِہ نے حُکم دیا کہ مُلکِ کنعانؔ میں بنی اِسرائیل کو مِیراث تقسیم کریں۔

Source notes (2)
  1. Footnote سمُندر یعنی بہر رُوم
  2. Footnote کِنّریتؔ کی جھیل یعنی گلِیلی جھیل

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.