Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

گِنتی 25

مُوآب اِسرائیل کو ورغلاتا ہے

اِسرائیلی شِطِّیمؔ میں رہتے تھے اَور لوگوں نے اُن مُوآبی عورتوں کے ساتھ حرام کاری شروع کر دی، جو اُنہیں اَپنے معبُودوں کی قُربانیوں میں آنے کی دعوت دیتی تھیں۔ یہ لوگ وہاں جا کر کھاتے اَور اُن معبُودوں کو سَجدہ کرتے تھے۔ اِس طرح بنی اِسرائیل نے پعورؔ کے بَعل کی عبادت میں شرکت کی اَور یَاہوِہ کا قہر اُن پر بھڑکا۔

یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: ”اِن لوگوں کے سَب سربراہوں اَور سرغنوں کو لے کر قتل کر اَور اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور دِن کی رَوشنی میں ٹانگ دینا تاکہ یَاہوِہ کا قہرِ شدید بنی اِسرائیل پر سے ٹل جائے۔“

چنانچہ مَوشہ نے اِسرائیل کے حاکموں سے کہا، ”تمہارے جِن جِن آدمیوں نے پعورؔ کے بَعل کی عبادت میں شرکت کی وہ سَب قتل کئے جایٔیں۔“

اَور جَب بنی اِسرائیل کی ساری جماعت خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر رو رہی تھی تَب ایک اِسرائیلی مَوشہ اَور سَب لوگوں کی آنکھوں کے سامنے ایک مِدیانی عورت کو اَپنے خاندان میں لے آیا۔ تَب الیعزرؔ کے بیٹے فِنحاسؔ نے جو اَہرونؔ کاہِنؔ کا پوتا تھا یہ دیکھا تو اُس نے جماعت میں سے اُٹھ کر ہاتھ میں ایک نیزہ لیا۔ اَور اُس اِسرائیلی کے پیچھے پیچھے خیمہ میں داخل ہُوا اَور اُس نے اُس اِسرائیلی مَرد اَور اُس عورت دونوں کے پیٹ میں نیزہ بھونک دیا۔ تَب بنی اِسرائیل پر آئی ہُوئی وَبا جاتی رہی اَور جتنے لوگ وَبا سے مَرے تھے اُن کی تعداد چوبیس ہزار تھی۔

یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”الیعزرؔ کے بیٹے فِنحاسؔ نے جو اَہرونؔ کاہِنؔ کا پوتا ہے میرے قہر کو بنی اِسرائیل پر سے ہٹا دیا کیونکہ اُس نے اُن کے درمیان میرے لیٔے اَپنی غیرت کا اَیسا مظاہرہ کیا کہ مَیں نے اَپنی غیرت کے جوش میں اُنہیں نابود نہیں کیا اِس لیٔے اُس سے کہہ کہ میں اُس کے ساتھ اَپنا عہدِ اَمن باندھ رہا ہُوں۔ وہ اُس کے اَور اُس کی اَولاد کے لیٔے دائمی کہانت کا عہد ہوگا کیونکہ وہ اَپنے خُدا کے واسطے غیرت مند ہُوا اَور اُس نے بنی اِسرائیل کے لیٔے کفّارہ دیا۔“

اُس اِسرائیلی مَرد کا نام جو اُس مِدیانی عورت کے ساتھ مارا گیا وہ زِمریؔ تھا جو شمعُونؔ کے خاندان کا سردار سالوؔ کا بیٹا تھا۔ اَور اُس مِدیانی عورت کا نام جو ماری گئی تھی کوزبیؔ تھا۔ وہ ضُورؔ کی بیٹی تھی جو ایک مِدیانی خاندان کا قبائلی سردار تھا۔

یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”مِدیانیوں کو حریف جان کر مار ڈالو۔ کیونکہ اُنہُوں نے بھی جَب تُمہیں دھوکا دیا تو حریف ہی جانا جَیسا پعورؔ کے مُعاملہ میں اَور اُن کی بہن کوزبیؔ کے مُعاملہ میں ہُوا جو مِدیانی سردار کی بیٹی تھی اَور اُس وَبا میں جو پعورؔ کے سبب پھیلی تھی ماری گئی تھی۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.