Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

گِنتی 21

عَرادؔ کی تباہی

جَب عَرادؔ کے کنعانی بادشاہ نے جو نِیگیوؔ میں رہتا تھا سُنا کہ اِسرائیل اتھارِمؔ کی راہ سے آ رہاہے تو اُس نے اِسرائیلیوں پر حملہ کیا اَور اُن میں سے کیٔی ایک کو اسیر کر لیا۔ تَب اِسرائیل نے یَاہوِہ کے حُضُور یہ مَنّت مانی: ”اگر آپ اِن لوگوں کو ہمارے ہاتھ میں کر دیں تو ہم اُن کے شہروں کو تباہ کر دیں گے۔“ یَاہوِہ نے اِسرائیل کی فریاد سُنی اَور کنعانیوں کو اُن کے حوالہ کر دیا۔ اُنہُوں نے اُنہیں اَور اُن کے شہروں کو مُکمّل طور پر تباہ کر دیا۔ اِس لیٔے اُس جگہ کا نام حُرمہؔ1 رکھا گیا۔

کانسے کا سانپ

پھر اُنہُوں نے کوہِ ہُورؔ سے کُوچ کرکے بحرِقُلزمؔ کی راہ لی تاکہ مُلک اِدُوم کے باہر گھُوم کر جایٔیں لیکن وہ لوگ راستہ میں عاجز آ گئے۔ وہ خُدا اَور مَوشہ کے خِلاف بکنے لگے اَور کہا، ”تُم ہمیں مِصر سے نکال کر بیابان میں مرنے کے لیٔے کیوں لے آئے؟ یہاں نہ تو روٹی ہے نہ پانی! اَور ہم اِس نکمّی خُوراک سے بھی عاجز آ چُکے ہیں۔“

تَب یَاہوِہ نے اُن لوگوں کے درمیان زہریلے سانپ بھیجے؛ سانپوں نے لوگوں کو کاٹا اَور بہت سے اِسرائیلی مَر گیٔے۔ تَب وہ لوگ مَوشہ کے پاس آکر کہنے لگے، ”ہم نے گُناہ کیا ہے کہ ہم نے یَاہوِہ کے حُضُور اَور تمہارے خِلاف زبان درازی کی۔ دعا کرو، یَاہوِہ اِن سانپوں کو ہم سے دُور کر دیں۔“ چنانچہ مَوشہ نے اُن لوگوں کے لیٔے دعا کی۔

یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”ایک سانپ بنا لینا اَور اُسے کھمبے پر لٹکانا اَور سانپ کا ڈسا ہُوا جو کویٔی بھی فرد اُسے دیکھ لے گا وہ زندہ بچے گا۔“ چنانچہ مَوشہ نے کانسے کا ایک سانپ بنا کر اُسے کھمبے پر لٹکا دیا؛ تَب جَب کبھی کسی کو سانپ ڈس لیتا اَور وہ اُس کانسے کے سانپ کی طرف دیکھتا تو زندہ بچ جاتا۔

مُوآب کا سفر

پھر اِسرائیلیوں نے کُوچ کیا اَور اوبُوتؔ میں آکر خیمہ زن ہویٔے۔ اَور اوبُوتؔ سے کُوچ کیا اَور عیّے عباریمؔ میں خیمہ زن ہویٔے جو مشرق کی جانِب مُوآب کے سامنے بیابان میں ہے۔ وہاں سے کُوچ کرکے وہ وادی زیِریؔد میں خیمہ زن ہویٔے۔ وہاں سے کُوچ کرکے وہ دریائے ارنُونؔ کے کنارے پر خیمہ زن ہویٔے جو اُس بیابان میں سے گزرتی ہے اَورجو امُوریوں کے علاقہ میں اَندر تک پھیلا ہُواہے۔ دریائے ارنُونؔ مُوآب اَور امُوریوں کے درمیان مُوآب کی سرحد ہے۔ اِس لیٔے یَاہوِہ کے جنگ نامہ میں یُوں لِکھّا ہے:

”واہیبؔ2 جو سُوفہؔ میں ہے

اَور ارنُونؔ کی وادیوں۔ اَور اُن وادیوں کے ڈھلان

جو عاؔر کے مقام تک پھیلے ہویٔے ہیں

اَور مُوآب کی سرحد سے مُتّصِل ہے۔“

پھر وہاں سے بیرؔ تک اُنہُوں نے اَپنا سفر جاری رکھا۔ یہ وُہی کنواں ہے جہاں یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہاتھا، ”لوگوں کو جمع کرنا اَور مَیں اُنہیں پانی دُوں گا۔“

تَب اِسرائیل نے یہ نغمہ گایا:

”اَے کنوئیں تُو اُبل آ!

اُس کے لیٔے گاؤ،

اُس کنوئیں کے لیٔے جسے شہزادوں نے تعمیر کیا

اَور قوم کے اُمرا نے

اَپنے عصائے شاہی اَور عصاؤں سے کھودا۔“

تَب وہ اُس بیابان سے متنّہؔ کو گیٔے۔ اَور متنّہؔ سے نحلی ایل کو اَور نحلی ایل سے باموت کو، اَور باموت سے مُوآب کی اُس وادی میں آئے جہاں پِسگہؔ کی چوٹی پر سے یشیمونؔ یعنی بنجر علاقہ نظر آتا ہے۔

سیحونؔ اَور عوگؔ کی شِکست

تَب اِسرائیل نے امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کے پاس قاصِد روانہ کرکے یہ پیغام بھیجا:

”بادشاہ ہمیں اَپنے مُلک میں سے ہوکر جانے دیں۔ ہم مُڑ کر کھیتوں یا تاکستانوں میں نہیں گھُسیں گے اَور نہ ہی کنوؤں کا پانی پیئیں گے۔ اَور جَب تک تمہارے مُلک سے گزر نہ جایٔیں سیدھے شاہراہ پر ہی چلتے رہیں گے۔“

لیکن سیحونؔ نے اِسرائیل کو اَپنے مُلک میں سے ہوکر جانے نہ دیا بَلکہ اَپنے تمام فَوج کو جمع کرکے اِسرائیل کے مُقابلہ کے لیٔے بیابان میں نکل آئے اَور جَب وہ یاہضؔ کو پہُنچے تو اِسرائیل سے لڑے۔ البتّہ اِسرائیل نے اُسے تلوار سے مار ڈالا اَور اُس کے مُلک پر ارنُونؔ سے لے کر یبّوقؔ تک جہاں بنی عمُّون کی سرحد ہے قبضہ کر لیا کیونکہ اُن کی سرحد مضبُوط تھی۔ اِسرائیل نے حِشبونؔ اَور اُس کے اِردگرد کی بستیوں سمیت امُوریوں کے سَب شہروں پر قبضہ کر لیا اَور اُن میں بس گیٔے۔ حِشبونؔ امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کا شہر تھا جِس نے مُوآب کے پہلے بادشاہ سے لڑ کر ارنُونؔ تک اُس کا سارا مُلک اُس سے چھین لیا تھا۔

اِس لیٔے شعرا کہتے ہیں:

”حِشبونؔ کو آؤ، ہم اِس کو مضبُوطی سے تعمیر کریں گے۔

سیحونؔ کا شہر مضبُوط بُنیادوں پر قائِم ہے۔

”حِشبونؔ سے آگ نکلی

یعنی سیحونؔ کے شہر سے شُعلہ بھڑکا

جِس نے مُوآب کے عاؔر کو

اَور ارنُونؔ کے اُونچے مقامات کے اُمرا کو بھسم کر دیا۔

اَے مُوآب! تُجھ پر افسوس!

اَے کموشؔ کے لوگو تُم تباہ ہو گئے!

اُس نے اَپنے بیٹوں کو بھگوڑوں

اَور اَپنی بیٹیوں کو اسیروں کی مانند

امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کے حوالہ کر دیا۔

”لیکن ہم نے اُن کا تختہ اُلٹ دیا ہے؛

حِشبونؔ دیبونؔ سمیت تباہ ہو گیا ہے

اَور ہم نے اُنہیں نُپاحؔ تک

جو میدباؔ تک پھیلا ہُواہے اُجاڑ دیا ہے۔“

اِس طرح بنی اِسرائیل امُوریوں کے مُلک میں بس گیٔے۔

مَوشہ نے یعزیرؔ کا جائزہ لینے کے لیٔے جاسُوس بھیجے اَور پھر بنی اِسرائیل نے اُس کے اِردگرد کے قصبوں پر قبضہ کر لیا اَور امُوریوں کو وہاں سے نکال دیا۔ پھر وہ باشانؔ کے راستہ سے آگے بڑھے اَور باشانؔ کا بادشاہ عوگؔ اَپنے سارے لشکر کے ساتھ نکل کر ادرعیؔ کے مقام پر اُن سے جنگ کرے۔

یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”اُس سے خوفزدہ مت ہو کیونکہ مَیں نے اُسے اُس کے سارے لشکر اَور اُس کے مُلک سمیت تمہارے حوالہ کر دیا ہے۔ لہٰذا جَیسا تُم نے امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کے ساتھ کیا، جو حِشبونؔ میں حُکمراں تھا وَیسا ہی اُس کے ساتھ بھی کرنا۔“

چنانچہ اُنہُوں نے اُسے اُس کے بیٹوں اَور اُس کے سارے لشکر کو یہاں تک مارا کہ اُن میں سے کویٔی نہ بچا اَور اُنہُوں نے اُس کے مُلک پر قبضہ کر لیا۔

Source notes (2)
  1. Footnote حُرمہؔ تباہی
  2. Footnote واہیبؔ کچھ صحیفوں میں ذہابؔ لیا گیا ہے

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.