Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
میکاہؔ 2
اِنسان کے منصُوبے اَور خُدا کا اِرادہ
اُن پر افسوس جو بدی کا منصُوبہ باندھتے ہیں،
اَور بِستر پر پڑے ہُوئے شرارت کا منصُوبہ بناتے ہیں!
اَور صُبح ہوتے ہی اُس پر عَمل کرتے ہیں
کیونکہ وہ عَمل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
وہ لالچ سے کھیتوں کو ضَبط کرلیتے ہیں،
اَور گھروں کو چھین لیتے ہیں۔
وہ لوگوں کو اُن کے گھروں سے،
اَور اَپنے ہم جنسوں کو اُن کی مِیراث سے محروم کر دیتے ہیں۔
اِس لیٔے یَاہوِہ فرماتے ہیں:
”مَیں اُس قوم پر بربادی لانے کا اِرادہ کر رہا ہُوں،
جِس سے تُم خُود کو بچا نہ سکوگے۔
اَور اَب غُرور سے چل نہ سکوگے،
کیونکہ یہ مُصیبت کا وقت ہوگا۔
اُس دِن لوگ تمہارا مذاق اُڑائیں گے؛
وہ اِس ماتم کے نغمہ سے تُم پر لَعن طَعن کریں گے:
’ہم بالکُل غارت ہو گئے؛
میرے لوگوں کی مِیراث تقسیم ہو گئی۔
اُس نے اُسے ہم سے جُدا کر دیا!
وہ ہمارے کھیت باغیوں کو دیتاہے۔‘ “
اِس لیٔے یَاہوِہ کی جماعت میں کویٔی باقی نہ رہے گا
جو زمین کو قُرعہ ڈال کر بانٹے۔
جھُوٹے نبی
”نبُوّت نہ کرو،“ اُن کے نبی کہتے ہیں۔
”اُن باتوں کے لیٔے نبُوّت نہ کرو؛
رُسوائی ہم پر نہیں آئے گی۔“
کیا یہ کہا جائے کہ یعقوب کے گھرانے:
”کیا یَاہوِہ کی رُوح ناراض ہو گئی ہے؟
کیا وہ اَیسے ہی کام کرتے ہیں؟“
”کیا میری باتیں
راست رَو کے لیٔے مفید نہیں؟
تھوڑی دیر پہلے میرے لوگ دُشمن کی طرح اُٹھے ہیں۔
تُم جنگ سے لَوٹنے والے
بےپروا راہ گیروں کے
نفیس لباس اُتار لیتے ہو،
تُم میرے لوگوں کی عورتوں کو
اُن کے خُوشنما گھروں میں سے نکال دیتے ہو۔
تُم اُن کے بچّوں سے ہمیشہ کے لیٔے
میری برکتیں چھین لیتے ہو۔
اُٹھو، چل دو!
کیونکہ یہ تمہاری آرامگاہ نہیں ہے،
یہ ناپاک ہو چُکی ہے،
اُس کی بربادی کا کویٔی علاج نہیں۔
اگر کویٔی جھُوٹا یا دغاباز آکر کہے،
’میں تمہارے لیٔے کثرت سے شراب اَور مَے کی پیشن گوئی کروں گا،‘
تو وہ ہی اُن لوگوں کا نبی ہوگا۔
رِہائی کا وعدہ
”اَے یعقوب، میں تُم سَب کو جمع کروں گا؛
میں اِسرائیل کے بقیّہ کو یقیناً جمع کروں گا۔
میں اُنہیں بھیڑ خانہ کی بھیڑوں کی طرح جمع کروں گا،
چراگاہ کے گلّے کی مانند جمع کروں گا؛
جگہ لوگوں سے بھر جائے گی۔
کویٔی راستہ کھولنے والا اُن کے آگے آگے جائے گا؛
وہ پھاٹک توڑ کر باہر نکل جایٔیں گے۔
اُن کا بادشاہ یعنی یَاہوِہ،
اُن کے آگے آگے جائے گا۔“
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.