Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
متّی 8
حُضُور یِسوعؔ کا ایک کوڑھی کو شفا بخشنا
یِسوعؔ جَب اُس پہاڑ سے نیچے آئے تو بہت بڑا ہُجوم اُن کے پیچھے ہو لیا۔ اِس دَوران ایک کوڑھی1 نے یِسوعؔ کے پاس آکر اُنہیں سَجدہ کیا اَور کہا، ”اَے خُداوؔند! اگر آپ چاہیں تو مُجھے کوڑھ سے پاک کر سکتے ہیں۔“
اَور یِسوعؔ نے ہاتھ بڑھا کر اُسے چھُوا اَور فرمایا، ”میں چاہتا ہُوں کہ تُو پاک صَاف ہو جا!“ اَور فوراً وہ کوڑھ سے پاک صَاف ہو گیا۔ تَب یِسوعؔ نے اُس سے فرمایا، ”خبردار کسی سے نہ کہنا۔ لیکن جا کر اَپنے آپ کو کاہِنؔ کو دِکھا اَورجو نذر حضرت مَوشہ نے مُقرّر کی ہے اُسے اَدا کر تاکہ سَب لوگوں کے لیٔے گواہی ہو۔“
ایک رُومی افسر کا ایمان
جَب یِسوعؔ کَفرنحُومؔ میں داخل ہویٔے تو رُومی فَوج کا ایک افسر حُضُور کے پاس آیا اَور مِنّت کرنے لگا۔ ”اَے خُداوؔند، میرا خادِم فالج کا مارا گھر میں بیمار پڑا ہے اَور بڑی تکلیف میں ہے۔“
یِسوعؔ نے اُس سے فرمایا، ”میں آکر اُسے شفا دُوں گا۔“
لیکن رُومی افسر نے کہا، ”اَے خُداوؔند، میں اِس لائق نہیں ہُوں کہ آپ میری چھت کے نیچے آئیں۔ لیکن اگر آپ صِرف زبان سے کہہ دیں تو میرا خادِم شفا پا جائے گا۔ کیونکہ مَیں خُود بھی کسی کے اِختیار میں ہُوں، اَور سپاہی میرے اِختیار میں ہیں۔ جَب مَیں ایک سے کہتا ہُوں ’جا،‘ تو وہ چلا جاتا ہے؛ اَور دُوسرے سے ’آ،‘ تو وہ آ جاتا ہے اَور کسی خادِم سے کُچھ کرنے کو کہُوں تو وہ کرتا ہے۔“
یِسوعؔ نے یہ سُن کر اُس ہُجوم پر تعجُّب کیا اَور اَپنے پیچھے آنے والے لوگوں سے کہا، ”میں تُم سے سچ کہتا ہُوں، مَیں نے اِسرائیلؔ میں بھی اِتنا بڑا ایمان نہیں پایا۔ میں تُم سے کہتا ہُوں کہ بہت سے لوگ مشرق اَور مغرب سے آکر حضرت اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کے ساتھ آسمان کی بادشاہی کی ضیافت میں شریک ہوں گے۔ مگر بادشاہی کے اصل وارثین کو باہر اَندھیرے میں ڈال دیا جائے گا جہاں وہ روتے اَور دانت پیستے رہیں گے۔“
یِسوعؔ نے اُس افسر سے فرمایا، ”جا جَیسا تیرا ایمان ہے، تیرے لیٔے وَیسا ہی ہوگا۔“ اَور اُسی گھڑی اُس کے خادِم نے شفا پائی۔
حُضُور یِسوعؔ کا بہوتوں کو شفا بخشنا
جَب یِسوعؔ پطرس کے گھر میں داخل ہویٔے تو اُنہُوں نے پطرس کی ساس کو تیز بُخار میں بِستر پر پڑے دیکھا۔ حُضُور نے اُس کا ہاتھ چھُوا اَور اُس کا بُخار اُتر گیا، اَور وہ اُٹھ کر اُن سَب کی خدمت میں لگ گئی۔
جَب شام ہُوئی تو لوگ کیٔی مَریضوں کو جِن میں بدرُوحیں تھیں، حُضُور کے پاس لانے لگے، اَور یِسوعؔ نے صِرف حُکم دے کر بدرُوحوں کو نکال دیا اَور سَب مَریضوں کو شفا بخشی۔ تاکہ یَشعیاہ نبی کی مَعرفت کہی گئی یہ بات پُوری ہو جائے:
”اُنہُوں نے خُود ہماری کمزوریوں کو
اَپنے اُوپر لے لیا اَور ہماری بیماریاں برداشت کیں اَور اَپنے اُوپر اُٹھالیا۔“2
حُضُور یِسوعؔ کی پیروی کرنے کی قیمت
جَب یِسوعؔ نے اَپنے چاروں طرف لوگوں کا بڑا ہُجوم دیکھا تو اَپنے شاگردوں کو جھیل کے اُس پار جانے کا حُکم دیا۔ اُسی وقت ایک شَریعت کا عالِم حُضُور کے پاس آکر عرض کرنے لگا، ”اَے اُستاد محترم، آپ جہاں بھی جایٔیں گے مَیں آپ کی پیروی کروں گا۔“
یِسوعؔ نے سے جَواب دیا، ”لومڑیوں کے بھی بھٹ اَور ہَوا کے پرندوں کے گھونسلے ہوتے ہیں، لیکن اِبن آدمؔ کے لیٔے کویٔی جگہ نہیں جہاں وہ اَپنا سَر بھی رکھ سکے۔“
ایک اَور شاگرد نے حُضُور سے کہا، ”اَے خُداوؔند، پہلے مُجھے اِجازت دیں کہ میں جا کر اَپنے باپ کو دفن کرلُوں۔“
لیکن یِسوعؔ نے اُس سے فرمایا، ”تُو میرے پیچھے چل، اَور مُردوں کو اَپنے مُردے دفن کرنے دے۔“
حُضُور یِسوعؔ کا طُوفان کو پُرسکون کرنا
یِسوعؔ جَب کشتی پر سوار ہویٔے تو اُن کے شاگرد بھی اُن کے ساتھ ہو لیٔے۔ اَور جھیل میں اَچانک اَیسا زبردست طُوفان اُٹھا کہ لہریں کشتی کے اُوپر سے گزرنے لگیں، لیکن یِسوعؔ اُس وقت سو رہے تھے۔ تَب شاگردوں نے یِسوعؔ کے پاس آکر اُنہیں جگا کر کہا، ”اَے خُداوؔند، ہمیں بچائیں! ہم تو ہلاک ہویٔے جا رہے ہیں!“
یِسوعؔ نے جَواب دیا، ”اَے کم ایمان والو! تُم خوفزدہ کیوں ہو؟“ تَب حُضُور نے اُٹھ کر طُوفان اَور لہروں کو ڈانٹا اَور بڑا اَمن ہو گیا۔
اَور لوگ تعجُّب کرکے کہنے لگے، ”یہ کِس طرح کا آدمی ہے کہ طُوفان اَور لہریں بھی اِن کا حُکم مانتی ہیں!“
حُضُور یِسوعؔ کا بدرُوحوں سے گرفت دو آدمیوں کو رِہائی بخشنا
جَب یِسوعؔ جھیل کے اُس پار گدرینیوں3 کے علاقہ میں پہُنچے تو وہاں دو آدمی جِن میں بدرُوحیں تھیں، قبروں سے نکل کر اُنہیں ملے۔ وہ اِتنے ظالِم تھے کہ کویٔی اُس راستے سے گزر نہیں سَکتا تھا۔ وہ چِلّا چِلّاکر کہنے لگے، ”اَے خُدا کے بیٹے، آپ کا ہم سے کیا لینا دینا ہے؟ کیا آپ مُقرّر وقت سے پہلے ہی ہمیں عذاب میں ڈالنے آ گئے ہیں؟“
اُن سے کُچھ دُور بہت سے سُؤروں کا ایک بڑا غول چَر رہاتھا۔ پس بدرُوحوں نے حُضُور سے مِنّت کرکے کہا، ”اگر آپ ہمیں نکالتے ہیں تو ہمیں سُؤروں کے غول میں بھیج دیجئے۔“
لہٰذا یِسوعؔ نے اُن سے کہا، ”جاؤ!“ اَور وہ نکل کر سُؤروں میں داخل ہو گئیں اَور سُؤروں کا سارا غول اُونچی ڈھلان سے لپکا اَور جھیل میں جا گرا اَور ڈُوب مَرا۔ سُؤر چَرانے والے بھاگ کھڑے ہویٔے اَور شہر میں جا کر لوگوں سے سارا ماجرا اَور بدرُوحوں سے پریشان آدمیوں کا حال بَیان کیا۔ تَب شہر کے سَب لوگ یِسوعؔ سے مِلنے کو نکلے اَور حُضُور کو دیکھتے ہی مِنّت کرنے لگے کہ آپ ہماری سرحد سے باہر چلے جایٔیں۔
Source notes (3)
- Footnote کوڑھی یُونانی لفظ لیپرسی کا ترجُمہ کوڑھ بھی کیا گیا ہے، یہ لفظ جلد کی کیٔی بیماریوں کے لیٔے اِستعمال کیا جاتا تھا۔
- Footnote یَشع 53:4
- Footnote گدرینیوں کُچھ نوشتوں میں گِرگا سینی دیگر میں گِراسینیوں ہے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.