Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

متّی 4

حُضُور یِسوعؔ کی آزمائش

پھر یِسوعؔ پاک رُوح کی ہدایت سے بیابان میں گیٔے تاکہ اِبلیس اُنہیں آزمائے۔1 چالیس دِن اَور چالیس رات روزے رکھنے کے بعد یِسوعؔ کو بھُوک لگی۔ تَب آزمائش کرنے والے نے آپ کے پاس آکر کہا، ”اگر آپ خُدا کے بیٹے ہیں تو اِس پتھّروں سے کہیں کہ روٹیاں بَن جایٔیں۔“

یِسوعؔ نے جَواب دیا، ”لِکھّا ہے: ’اِنسان صِرف روٹی ہی سے زندہ نہیں رہتا لیکن خُدا کے مُنہ سے نکلنے والے ہر کلام سے زندہ رہتاہے۔‘2“

پھر اِبلیس اُنہیں مُقدّس شہر میں لے گیا اَور بیت المُقدّس کے سَب سے اُونچے مقام پر کھڑا کرکے آپ سے کہا۔ ”اگر آپ خُدا کے بیٹے ہیں تو یہاں سے، اَپنے آپ کو نیچے گرا دیں۔ کیونکہ لِکھّا ہے:

” ’وہ تمہارے متعلّق اَپنے فرشتوں کو حُکم دے گا،

اَور وہ آپ کو اَپنے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے،

تاکہ آپ کے پاؤں کو کسی پتّھر سے ٹھیس نہ لگنے پایٔے۔‘3“

لیکن یِسوعؔ نے جَواب دیا، ”یہ بھی تو لِکھّا ہے: ’تُم خُداوؔند اَپنے خُدا کی آزمائش نہ کرو۔‘4“

پھر، اِبلیس اُنہیں ایک بہت اُونچے پہاڑ پر لے گیا اَور دُنیا کی تمام سلطنتیں اَور اُن کی شان و شوکت حُضُور کو دِکھائی اَور کہا، ”اگر تُم مُجھے جُھک کر سَجدہ کرو تو میں یہ سَب کُچھ تُمہیں دے دُوں گا۔“

یِسوعؔ نے جَواب میں اُس سے کہا، ”اَے شیطان! مُجھ سے دُورہو جا، کیونکہ لِکھّا ہے: ’تُو اَپنے خُداوؔند خُدا ہی کو سَجدہ کر اَور صِرف اُسی کی خدمت کر۔‘5“

پھر اِبلیس اُنہیں چھوڑکر چلا گیا اَور فرشتے آکر یِسوعؔ کی خدمت کرنے لگے۔

صُوبہ گلِیل میں حُضُور یِسوعؔ کی تبلیغی خدمت کا آغاز

جَب یِسوعؔ نے سُنا کہ یُوحنّا کو قَید کر لیا گیا ہے تو وہ صُوبہ گلِیل کو روانہ ہُوئے۔ اَور ناصرتؔ کو چھوڑکر، کَفرنحُومؔ میں جا کر رہنے لگے جو جھیل کے کنارے زبُولُون اَور نفتالی کے علاقہ میں ہے۔ تاکہ جو بات حضرت یَشعیاہ نبی کی مَعرفت سے کہی گئی تھی، وہ پُوری ہو جائے۔

”زبُولُون اَور نفتالی کے زمینی علاقہ،

سمُندری شاہراہ، یردنؔ کے اُس پار،

اَور غَیریہُودیوں کی صُوبہ گلِیل۔

جو لوگ تاریکی میں زندگی گزار رہے تھے

اُنہُوں نے ایک بڑی رَوشنی دیکھی؛

اَورجو لوگ موت کے سایہ کے مُلک میں زندگی گزار رہے تھے

اُن پر ایک نُور آ چمکا۔“6

اُس وقت سے یِسوعؔ نے یہ مُنادی شروع کر دی، ”تَوبہ کرو کیونکہ آسمان کی بادشاہی نزدیک آ گئی ہے۔“

پہلے چار شاگردوں کا بُلایا جانا

ایک دِن صُوبہ گلِیل کی جھیل کے کنارے چلتے ہُوئے یِسوعؔ نے دو بھائیوں کو، یعنی شمعُونؔ کو جو پطرس کہلاتےہیں اَور اُن کے بھایٔی اَندریاسؔ کو دیکھا۔ یہ دونوں اُس وقت جھیل میں جال ڈال رہے تھے کیونکہ اُن کا پیشہ ہی مچھلی پکڑناتھا۔ یِسوعؔ نے اُن سے فرمایا، ”میرے، پیچھے چلے آؤ، تو میں تُمہیں آدمؔ گیر بناؤں گا۔“ وہ اُسی وقت اَپنے جال چھوڑکر آپ کے ہمنوا ہوکر پیچھے ہو لیٔے۔

جَب حُضُور تھوڑا اَور آگے بڑھے تو آپ نے دو اَور بھائیوں، زبدیؔ کے بیٹے یعقوب اَور اُن کے بھایٔی یُوحنّا کو دیکھا، دونوں اَپنے باپ زبدیؔ کے ساتھ کشتی میں جالوں کی مرمّت کر رہے تھے۔ یِسوعؔ نے اُنہیں بُلایا، اَور وہ بھی ایک دَم کشتی اَور اَپنے باپ کو چھوڑکر حُضُور کے پیچھے چل دئیے۔

حُضُور یِسوعؔ کا بیماریوں کو شفا بخشنا

یِسوعؔ سارے صُوبہ گلِیل میں جا کر اُن کے یہُودی عبادت گاہوں میں تعلیم دیتے اَور آسمانی بادشاہی کی خُوشخبری کی مُنادی کرتے رہے اَور لوگوں کے درمیان ہر قِسم کی بیماری اَور کمزوریوں کو شفا بخشتے رہے۔ اَور حُضُور کی شہرت تمام سِیریؔا میں پھیل گئی اَور لوگ سَب مَریضوں کو جو طرح طرح کی بیماریوں اَور تکلیفوں میں مُبتلا تھے، جِن میں بدرُوحیں تھیں اَور مِرگی کے مَریضوں کو اَور مفلُوجوں کو یِسوعؔ کے پاس لاتے تھے، اَور حُضُور سَب کو شفا بخشتے تھے۔ اَور صُوبہ گلِیل، دِکَپُلِسؔ،7 یروشلیمؔ، یہُودیؔہ اَور دریائے یردنؔ پار کے علاقوں سے لوگوں کا ایک بڑا ہُجوم یِسوعؔ کے پیچھے چلا جا رہاتھا۔

Source notes (7)
  1. Footnote آزمائے یُونانی زبان میں اِس لفظ کے معنی جانچ بھی ہوتاہے۔‏
  2. Footnote اِست 8‏:3‏ ‏
  3. Footnote زبُور 91‏:11‏،12‏ ‏
  4. Footnote اِست 6‏:16‏ ‏
  5. Footnote اِست 6‏:13‏ ‏
  6. Footnote یَشع 9‏:1‏،2‏ ‏
  7. Footnote یعنی دس شہر‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.