Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
مرقُس 2
حُضُور یِسوعؔ کا ایک مفلُوج کو مُعافی اَور شفا بخشنا
کُچھ دِنوں کے بعد یِسوعؔ پھر سے کَفرنحُومؔ، میں آئے، تو خبر پھیل گئی کہ وہ گھر واپس آ گئے ہیں۔ چنانچہ اِتنے لوگ جمع ہو گئے یہاں تک کہ دروازے کے آس پاس، بھی جگہ نہ رہی، یِسوعؔ اُنہیں کلام کی تبلیغ کر رہے تھے۔ کُچھ لوگ، ایک مفلُوج کو حُضُور کے پاس لایٔے، جسے چار آدمی اُٹھائے ہویٔے تھے۔ جَب وہ اُس بیمار کو ہُجوم کے باعث یِسوعؔ کے پاس نہ لا سکے، تو چھت پر چڑھ گیٔے اَور اُنہُوں نے چھت کا وہ حِصّہ اُدھیڑ ڈالا جِس کے نیچے یِسوعؔ بیٹھے ہویٔے تھے اَور مفلُوج کو بچھونا سمیت جِس پر وہ لیٹا تھا شگاف1 میں سے نیچے اُتار دیا۔ اُن لوگوں کے ایمان کو دیکھ کر، یِسوعؔ نے مفلُوج سے کہا، ”بیٹے، تمہارے گُناہ مُعاف ہویٔے۔“
شَریعت کے بعض عالِم وہاں بیٹھے تھے، وہ دِل میں یہ سوچنے لگے، ”یہ شخص اَیسا کیوں کہتاہے؟ یہ تو کُفر ہے! خُدا کے سِوا کون گُناہ مُعاف کر سَکتا ہے؟“
یِسوعؔ نے فوراً ہی اَپنی رُوح سے اُسی وقت مَعلُوم کرکے کہ وہ اَپنے دِلوں میں کیا کُچھ سوچ رہے ہیں، اَور یِسوعؔ نے اُن لوگوں سے کہا، ”تُم اَپنے دِلوں میں اَیسی باتیں کیوں سوچتے ہو؟ کیا مفلُوج سے یہ کہنا آسان ہے، ’تمہارے گُناہ مُعاف ہویٔے‘ یا یہ کہنا، ’اُٹھو! اَپنے بچھونے کو اُٹھاکر چلے جاؤ‘؟ لیکن مَیں چاہتا ہُوں کہ تُمہیں مَعلُوم ہو کہ اِبن آدمؔ2 کو زمین پر گُناہ مُعاف کرنے کا اِختیار ہے۔“ یِسوعؔ نے مفلُوج سے کہا، ”مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں، اُٹھ اَور اَپنا بچھونا اُٹھاکر اَپنے گھر چلا جا۔“ وہ آدمی اُٹھا، اَور اُسی گھڑی اَپنے بچھونے کو اُٹھاکر سَب کے سامنے وہاں سے چلا گیا۔ چنانچہ وہ سَب حیران رہ گیٔے اَور خُدا کی تعریف کرتے ہویٔے، کہنے لگے، ”ہم نے اَیسا کبھی نہیں دیکھا!“
حُضُور یِسوعؔ کا لیوی کو بُلانا اَور کھانا تناول فرمانا
یِسوعؔ پھر سے جھیل کے کنارے گیٔے۔ اَور بڑا ہُجوم آپ کے گِرد جمع ہو گیا، اَور وہ اُنہیں تعلیم دینے لگے۔ چلتے چلتے یِسوعؔ نے، حلفئؔی کے بیٹے لیوی کو محصُول کی چوکی پر بیٹھے دیکھا اَور لیوی سے کہا، ”میرے پیروکار ہو جاؤ،“ اَور وہ اُٹھ کر یِسوعؔ کے پیچھے ہو لیٔے۔
یِسوعؔ لیوی کے گھر، میں کھانا کھانے بیٹھے، تو کیٔی محصُول لینے والے اَور گُنہگار لوگ یِسوعؔ اَور اُن کے شاگردوں کے ساتھ کھانے میں شریک ہو گئے، اَیسے بہت سے لوگ یِسوعؔ کے پیچھے ہو لیٔے تھے۔ شَریعت کے عالِم جو فرِیسی3 فرقہ سے تعلّق رکھتے تھے یِسوعؔ کو گُنہگاروں اَور محصُول لینے والوں کے ساتھ کھاتے دیکھا، تو فریسیوں نے شاگردوں سے پُوچھا: ”یہ محصُول لینے والوں اَور گُنہگاروں کے ساتھ کیوں کھاتا ہے؟“
یِسوعؔ نے یہ سُن کر اُن کو جَواب دیا، ”بیماریوں کو طبیب کی ضروُرت ہوتی ہے، صحت مندوں کو نہیں۔ میں راستبازوں کو نہیں، بَلکہ گُنہگاروں کو بُلانے آیا ہُوں۔“
روزہ رکھنے کی بابت سوال
ایک دفعہ حضرت یُوحنّا، کے شاگرد اَور فرِیسی روزہ سے تھے۔ کُچھ لوگوں نے آکر یِسوعؔ سے پُوچھا، ”کیا وجہ ہے کہ حضرت یُوحنّا کے شاگرد اَور فریسیوں کے شاگرد تو روزہ رکھتے ہیں، مگر آپ کے شاگرد نہیں رکھتے؟“
یِسوعؔ نے اُنہیں جَواب دیا، ”کیا براتی دُلہا کی مَوجُودگی میں روزہ رکھ سکتے ہیں؟ ہرگز نہیں، کیونکہ جَب تک دُلہا اُن کے ساتھ ہے وہ روزے نہیں رکھ سکتے۔ لیکن وہ دِن آئے گا کہ دُلہا اُن سے جُدا کیا جائے گا، تَب وہ روزہ رکھیں گے۔
”پُرانی پوشاک پر نئے کپڑے کا پیوند کویٔی نہیں لگاتا اَور اگر اَیسا کرتا ہے، تو نیا کپڑا اُس پُرانی پوشاک میں سے کُچھ کھینچ لے گا، اَور پوشاک زِیادہ پھٹ جائے گی۔ نئے انگوری شِیرے کو بھی پُرانی مَشکوں میں کویٔی نہیں بھرتا ورنہ، مَشکیں اُس انگوری شِیرے سے پھٹ جایٔیں گی اَور انگوری شِیرے کے ساتھ مَشکیں بھی برباد ہو جایٔیں گی۔ لہٰذا نئے انگوری شِیرے کو، نئی مَشکوں ہی میں بھرنا چاہئے۔“
حُضُور یِسوعؔ سَبت کے مالک
ایک دفعہ وہ سَبت کے دِن اناج کے کھیتوں، میں سے ہوکر گزر رہے تھے، اَور یِسوعؔ کے شاگرد راستے میں چلتے چلتے، بالیں توڑنے لگے۔ اِس پر فریسیوں نے یِسوعؔ سے کہا، ”دیکھو، یہ لوگ اَیسا کام کیوں کر رہے ہیں جو سَبت کے دِن جائز نہیں ہے؟“
یِسوعؔ نے اُنہیں جَواب دیا، ”کیا تُم نے کبھی نہیں پڑھا کہ جَب حضرت داویؔد اَور اُن کے ساتھیوں کو بھُوک کے باعث کھانے کی ضروُرت تھی تو اُنہُوں نے کیا کیا؟ اعلیٰ کاہِن ابیاترؔ کے زمانہ میں، حضرت داویؔد خُدا کے گھر میں داخل ہویٔے اَور نذر کی ہویٔی روٹیاں کھایٔیں اَیسی روٹیوں کا کھانا کاہِنوں کے سِوائے کسی اَور کے لیٔے روا نہیں تھا۔ اَور اُنہُوں نے خُود بھی کھایٔیں اَور اَپنے ساتھیوں کو بھی یہ روٹیاں کھانے کو دیں۔“
یِسوعؔ نے اُن سے کہا، ”سَبت اِنسان کے لیٔے بنایا گیا تھا، نہ کہ اِنسان سَبت کے لیٔے۔ پس اِبن آدمؔ سَبت کا بھی مالک ہے۔“
Source notes (3)
- Footnote شگاف یا چھت میں بڑی دراڑ مُراد ہے۔
- Footnote اِبن آدمؔ یعنی حُضُور یِسوعؔ نے خُود کو اِبن آدمؔ کے نام سے منسُوب کیا ہے۔
- Footnote فرِیسی شَریعت مُوسوی کے سخت پابند، اُن کے اِعتقادات میں مُردوں کی قیامت، فرشتوں پر ایمان، حُضُور المسیح موعود کی آمد پر یقین شامل تھا۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.