Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

مرقُس 16

حُضُور یِسوعؔ کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا

جَب سَبت کا دِن گزر گیا، تو مریمؔ مَگدلِینیؔ، یعقوب کی ماں مریمؔ اَور سلومؔی خُوشبودار چیزیں خرید کر لائیں تاکہ اُنہیں یِسوعؔ کی لاش پر مَلیں۔ اَور ہفتہ کے پہلے دِن، صُبح سویرے سُورج کے نکلتے ہی، وہ قبر پر آئیں۔ وہ آپَس میں کہہ رہی تھیں: ”قبر کے دروازہ پر سے ہمارے لیٔے پتّھر کون ہٹائے گا؟“

لیکن جَب اُنہُوں نے اُوپر نگاہ کی، تو دیکھا کہ وہ بھاری پتّھر، پہلے ہی سے لُڑھکا ہُوا تھا۔ جَب وہ غارنُما قبر کے اَندر گئیں تو، اُنہُوں نے ایک جَوان آدمی کو سفید چوغہ پہنے داہنی طرف بیٹھے دیکھا، اَور وہ گھبرا گئیں۔

لیکن اُس آدمی نے اُن سے کہا، ”تعجُّب نہ کرو، تُم یِسوعؔ ناصری، کو جو مصلُوب ہُوئے تھے ڈھونڈتی ہو۔ وہ جی اُٹھے ہیں! وہ یہاں نہیں ہیں۔ دیکھو یہ وہ جگہ ہے جہاں اُنہُوں نے یِسوعؔ کو رکھا تھا۔ پس تُم جاؤ، اَور اُن کے شاگردوں اَور پطرس کو خبر کر دو، ’وہ اَور تُم سے پہلے صُوبہ گلِیل کو پہُنچ رہے ہیں۔ تُم اُنہیں وہیں دیکھوگے، جَیسا کہ اُنہُوں نے تُم سے کہاتھا۔‘ “

وہ عورتیں حیرت زدہ اَور کانپتی ہویٔی ‏یِسوعؔ کی قبر سے نکل کر بھاگیں اَور اِس قدر خوفزدہ تھیں کہ پطرس اَور کسی سے کُچھ بھی کہنے کی ہِمّت نہ کر سکیں۔1

ہفتہ کے پہلے دِن صُبح کے وقت، یِسوعؔ اَپنے جی اُٹھنے کے بعد سَب سے پہلے مریمؔ مَگدلِینیؔ پر، ظاہر ہویٔے، جِس میں سے آپ نے سات بدرُوحیں نکالی تھیں۔ اُس نے جا کر حُضُور کے ساتھیوں کو جو غم کے باعث ملُول تھے اَور رو رہے تھے، اُن کو خبر دی۔ لیکن اُنہُوں نے یہ سُن کر کہ آپ جی اُٹھے ہیں اَور مریمؔ نے آپ کو دیکھاہے یقین نہ کیا۔

اِس کے بعد یِسوعؔ ایک دُوسری صورت میں اُن میں سے دو آدمیوں پر اُس وقت ظاہر ہُوئے جَب وہ اَپنے گاؤں کی طرف چلے جا رہے تھے۔ اُنہُوں نے واپس جا کر باقی لوگوں کو خبر دی؛ لیکن اُنہُوں نے اُن کا بھی یقین نہ کیا۔

آخِر میں وہ گیارہ شاگردوں پر جَب وہ دسترخوان پر بیٹھے کھانا کھا رہے تھے؛ اُن پر ظاہر ہُوئے اَور آپ نے اُن کی بےاِعتقادی اَور سخت دِلی پر ملامت کی کیونکہ اُنہُوں نے اُن کا بھی یقین نہیں کیا تھا جنہوں نے آپ کے جی اُٹھنے کے بعد آپ کو دیکھا۔

پھر اُنہُوں نے اُن سے کہا، ”تمام دُنیا میں جا کر تمام مخلُوق کو انجیل کی مُنادی کرو۔ جو بھی ایمان لایٔے اَور پاک غُسل لے وہ نَجات پایٔےگا، لیکن جو ایمان نہ لایٔے وہ مُجرم قرار دیا جائے گا۔ اَور ایمان لانے والوں کے درمیان یہ معجزے ہوں گے کہ وہ میرے نام سے بدرُوحوں کو نکالیں گے؛ نئی نئی زبانیں بولیں گے؛ وہ سانپوں کو اُٹھا لیں گے؛ اگر کویٔی مہلک چیز پی لیں گے، تو اُنہیں کُچھ نُقصان نہ پہُنچے گا؛ وہ بیماریوں پر ہاتھ رکھیں گے، اَور بیمار شفا پائیں گے۔“

جَب خُداوؔند یِسوعؔ اُن سے کلام کر چُکے، آپ آسمان میں اُوپر اُٹھا لیٔے گیٔے۔ اَور آپ خُدا کے داہنی طرف جا بیٹھے۔ تَب شاگرد باہر نکلے اَور ہر جگہ انجیل کی مُنادی کی، اَور خُداوؔند اُن کے ساتھ مِل کر کام کرتے رہے اَور کلام کو اُن معجزوں کے ذریعہ جو ساتھ ساتھ ہوتے تھے تصدیق کرتے رہے۔

Source notes (1)
  1. Footnote ہِمّت نہ کر سکیں۔ کچھ نُسخوں میں آیت 8 اَور 9کے درمیان اِختتام اِس طرح ہوتاہے: پھر اُنہُوں نے جلدی سے اُن تمام ہدایات کو پطرس کے اِردگرد والوں تک پہُنچا دیا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.