Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

اَحبار 5

” ’اَور اگر کویٔی اِس طرح گُناہ کرے کہ جو کچھ اُس نے دیکھا ہو یا جانتا ہو اُس کے متعلّق اُسے قَسم کھا کر گواہی دینے کے لیٔے کہا جائے اَور وہ گواہی نہ دے تو وہ اُس گُناہ کا ذمّہ وار ٹھہرایا جائے گا۔

” ’یا اگر کویٔی اِنسان کسی اَیسی چیز کو چھُولے جو رسمی طور پر ناپاک سَمجھی جاتی ہو، خواہ وہ ناپاک جنگلی جانور، چَوپائے یا رینگنے والے ناپاک جاندار کی لاش ہو، اَور اگر وہ اُس سے بے خبر ہو کہ وہ ناپاک ہو گیا ہے، لیکن اِس کے بعد اُسے احساس ہو جاتا ہے تو وہ مُجرم ٹھہرے گا۔ یا اگر وہ اِنسانی ناپاکی کی کسی اَیسی چیز کو نادانستہ چھُولے جو اُسے ناپاک کر دے لیکن اِس کے بعد اُسے اِس کا علم اَور احساس ہو جاتا ہے تو وہ مُجرم ٹھہرے گا۔ یا اگر کویٔی اِنسان بغیر سوچے سمجھے، اَچھّا یا بُرا کچھ بھی کرنے کی قَسم کھالے یعنی کسی مُعاملہ میں لاپروائی سے قَسم کھالے خواہ وہ اُس سے بے خبر بھی ہو، تو بھی جَب اُسے اِس کا علم اَور احساس ہو جاتا ہے تو وہ مُجرم ٹھہرے گا۔ جَب کویٔی اِنسان اِن باتوں میں سے کسی میں خطاوار ہونے کا احساس کرتا ہے، تو وہ لازماً اُس گُناہ کا اقرار کرے جو اُس نے کیا ہے، اَورجو گُناہ اُس سے سرزد ہُواہے اُس کی سزا کے طور پر وہ لازماً گلّہ میں سے ایک مادہ بھیڑ یا بکری گُناہ کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور لایٔے اَور کاہِنؔ اُس کے گُناہ کا کفّارہ دے۔

” ’اَور اگر اُسے بھیڑ دینے کا مقدور نہ ہو تو وہ دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے اَپنی گُناہ کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور گذرانے یعنی ایک گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اَور ایک سوختنی نذر کے لیٔے۔ وہ اُنہیں کاہِنؔ کے پاس لایٔے جو پہلے اُسے گُناہ کی قُربانی کے لیٔے گذرانے۔ وہ اُس کا سَر گردن کے پاس سے مروڑ ڈالے لیکن اُسے مُکمّل طور پر الگ نہ کرے۔ اَور گُناہ کی قُربانی کا کچھ خُون مذبح کے اطراف کے مقابل چھڑک دے اَور باقی کا خُون مذبح کے پایہ پر بہہ جانے دے۔ یہ گُناہ کی قُربانی ہے۔ پھر کاہِنؔ دُوسرے پرندہ کو مُقرّرہ طریقہ کے مُطابق بطور سوختنی نذر گذرانے اَور اُس سے سرزد ہویٔے گُناہ کے لیٔے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِل جائے گی۔

” ’تاہم اگر اُسے دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لانے کا بھی مقدور نہ ہو تو وہ اَپنے گُناہ کے بدلے نذر کے طور پر ڈیڑھ کِلو1 مَیدہ گُناہ کی قُربانی کے لیٔے لایٔے اَور اُس پر تیل یا لوبان ہرگز نہ ڈالے کیونکہ یہ گُناہ کی قُربانی ہے۔ اَور وہ اُسے کاہِنؔ کے پاس لایٔے اَور کاہِنؔ اُس میں سے مُٹّھی بھر مَیدہ یادگاری حِصّہ کے طور پر لے کر اُسے یَاہوِہ کی باقی بطور غِذا آتِشی قُربانیوں کے ساتھ مذبح پر جَلایٔے۔ یہ گُناہ کی قُربانی ہے۔ اِس طرح کاہِنؔ اِن میں سے کسی بھی گُناہ کے لیٔے، جو اُس سے سرزد ہُواہے، اُس کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی ملے گی۔ اَور نذر کا باقی حِصّہ کاہِنؔ کا ہوگا جَیسا کہ اناج کی نذر کا ہوتاہے۔‘ “

خطا کی قُربانی

اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: ”جَب کویٔی اِنسان یَاہوِہ کی پاک چیزوں میں سے کسی چیز کی بےحُرمتی کرکے غَیر اِرادی طور پر خطا کرے تو وہ بطور سزا گلّہ میں سے ایک بے عیب مینڈھا یَاہوِہ کے حُضُور گُناہ کی قُربانی کے طور پر لایٔے جِس کی مُناسب قیمت چاندی میں پاک مَقدِس کی ثاقل2 کے مُطابق ہو۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ اَور اُس سے جِس پاک چیز کے بارے میں خطا ہُوئی ہو تو وہ لازماً اُس کا مُعاوضہ دے اَور اُس چیز کی قیمت کا پانچواں حِصّہ اَور بڑھا کر اُسے کاہِنؔ کو دے۔ اَور کاہِنؔ اُسے خطا کی قُربانی کے مینڈھے کے طور پر اُس کے لیٔے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی ملے گی۔

”اَور اگر کویٔی اِنسان گُناہ کرے اَور اُن کاموں میں سے کسی کام کو کرے جنہیں یَاہوِہ کے اَحکام میں منع کیا گیا ہے، خواہ وہ اُس سے بے خبر ہو تو بھی وہ مُجرم ٹھہرے گا اَور اَپنے گُناہ کا ذمّہ وار ہوگا۔ پھر وہ خطا کی قُربانی کے لیٔے گلّہ میں سے مُناسب قیمت کا ایک بے عیب مینڈھا کاہِنؔ کے پاس لایٔے۔ یُوں کاہِنؔ اُس کی خاطِر اُس کی اُس خطا کے لیٔے جو غَیر اِرادی طور پر اُس سے سرزد ہُوئی کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔ یہ خطا کی قُربانی ہے کیونکہ وہ یَاہوِہ کے قوانین کی خِلاف ورزی کے باعث مُجرم ٹھہرا ہے۔“

Source notes (2)
  1. Footnote ڈیڑھ کِلو قدیمی عِبرانی نسخے میں ایفہ کا دسواں حِصّہ
  2. Footnote ثاقل تقریباً بَارہ گرام چاندی

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.