Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

اَحبار 27

مَنّت اَور رِہائی کے دستور

یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُنہیں حُکم دینا، ’اگر کویٔی شخص یَاہوِہ کو نذر کرنے کی کویٔی خاص مَنّت مانے تو اُس شخص کے فدیہ کی قیمت کو اِس طرح مُقرّر کرنا، بیس سال سے لے کر ساٹھ سال کی عمر تک کے مَرد کی قیمت پاک مَقدِس کی ثاقل کے حِساب سے چاندی کی پچاس ثاقل1 ہو؛ اَور اگر وہ عورت ہو تو اُس کی قیمت تیس ثاقل2 ہو؛ اَور اگر وہ شخص پانچ سال سے لے کر بیس سال کی عمر کا ہو تو مَرد کی قیمت بیس ثاقل3 اَور عورت کی قیمت دس ثاقل4 ہو؛ اَور ایک ماہ سے لے کر پانچ سال کی عمر کے لڑکے کے لیٔے چاندی کی پانچ ثاقل5 اَور لڑکی کے لیٔے چاندی کی تین ثاقل6 ہو۔ اَور ساٹھ سال یا اِس سے زِیادہ کی عمر کے مَرد کی قیمت پندرہ ثاقل7 اَور عورت کی دس ثاقل ہو۔ لیکن اگر کویٔی مَنّت ماننے والا اِس قدر غریب ہو کہ اُسے مُقرّرہ رقم اَدا کرنے کا مقدور نہ ہو، تو وہ اُس شخص کو کاہِنؔ کے سامنے پیش کرے اَور کاہِنؔ اُس شخص کے فدیہ کی قیمت اُس شخص کے حیثیت کے مُطابق اُس کی قیمت مُقرّر کرے۔

” ’اگر اُس نے کسی اَیسے جانور کی مَنّت مانی ہے جو بطور نذر یَاہوِہ کے لیٔے مقبُول ٹھہرے تو یَاہوِہ کو نذر کیا ہُوا وہ جانور پاک ٹھہرے گا۔ اَور مَنّت ماننے والا اُسے ہرگز نہ بدلے، نہ اَچھّے کے عِوض بُرا دے اَور نہ بُرے کے عِوض اَچھّا دے۔ لیکن اگر کویٔی اَیسا عدل بدل کر بھی لیتا ہے، تو وہ جانور اَور اُس کا بدل دُوسرا جانور دونوں ہی پاک ٹھہریں گے۔ لیکن اگر مَنّت کا جانور ناپاک ہو اَور یَاہوِہ کو بطور قُربانی کرنے لائق نہ ہو، تو وہ اُس جانور کو لازماً کاہِنؔ کے سامنے پیش کرے۔ کاہِنؔ اُس جانور کی اَچھّائی یا بُرائی کا مُعائنہ کرےگا اَور تَب اُس کی جو بھی قیمت کاہِنؔ مُقرّر کرے وُہی اُس کی قیمت ہوگی۔ اَور اگر اُس کا مالک اُس جانور کا فدیہ دینا چاہے تو وہ اُس مُقرّرہ قیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کرکے اُسے اَدا کرے۔

” ’اَور اگر کویٔی شخص اَپنے مکان کو یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کرکے الگ کر دے، تو کاہِنؔ اُس کے اَچھّا یا بُرا ہونے کا مُعائنہ کرے اَور کاہِنؔ جو قیمت مُقرّر کرے وُہی اُس کی قیمت ہوگی۔ اَور اگر وہ شخص جِس نے اَپنے مکان کو مخصُوص کر دیا ہے، مگر وہ اَپنے مکان کو فدیہ دے کر اُسے چھُڑانا چاہے، تو وہ مُقرّر قیمت کے علاوہ، اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کرکے اَدا کرے تاکہ وہ مکان پھر اُس کا ہو جائے۔

” ’اگر کویٔی شخص اَپنی موروثی زمین کا کچھ حِصّہ یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کرے تو اُس کی قیمت اُس کے لیٔے درکار بیج کی مقدار کے مُطابق مُقرّر ہوگی یعنی جَو کے بیج کے ایک حُومر8 کے لیٔے پچاس ثاقل۔ اَور اگر وہ یوویلؔ والے سال کے دَوران اَپنا کھیت مخصُوص کرے تو اُس کی جو قیمت مُقرّر ہو چُکی ہو وُہی رہے گی۔ لیکن اگر وہ اَپنا کھیت یوویلؔ کے بعد مخصُوص کرے تو اگلی یوویلؔ تک جتنے سال باقی رہتے ہُوں اُن کے مُطابق کاہِنؔ اُس کی قیمت مُقرّر کرے اَور اُس کی پہلی قیمت کم کر دے۔ اگر وہ شخص جِس نے کھیت مخصُوص کیا ہو اُس کا فدیہ دے کر اُسے چھُڑانا چاہے تو وہ اُس کی قیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کرکے اَدا کرے تو وہ کھیت پھر اُس کا ہو جائے گا۔ تاہم اگر وہ اُس کھیت کو نہ چھُڑائے یا اگر اُس نے اُسے کسی دُوسرے کو بیچ دیا ہو تو پھر اُسے کبھی بھی چھُڑایا نہیں جا سَکتا۔ اَور جَب کھیت یوویلؔ والے سال میں چھُڑایا جائے تو وہ یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کئے ہویٔے کھیت کی طرح پاک ہوگا اَور وہ کاہِنؔ کی مِلکیّت ٹھہرے گا۔

” ’اَور اگر کویٔی شخص کویٔی خریدا ہُوا کھیت جو اُس کی موروثی زمین کا حِصّہ نہیں، یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کرے۔ تو کاہِنؔ یوویلؔ کے سال تک اُس کی قیمت مُعیّن کرے اَور وہ شخص اُس دِن ضروُر اُس کی قیمت اَدا کرے جو یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس نذرانہ ہوگی۔ اَور یوویلؔ کے سال میں وہ کھیت اُس شخص کو جِس سے اُس نے خریدا تھا واپس کر دیا جائے یعنی اُس شخص کو جِس کی وہ موروثی مِلکیّت تھی۔ ہر ایک قیمت پاک مَقدِس کی ثاقل کے مُطابق مُقرّر کی جائے یعنی ایک ثاقل بیس گیراہ کا ہو۔

” ’تاہم کویٔی بھی کسی جانور کے پہلوٹھے کو مخصُوص نہ کرے کیونکہ وہ پہلوٹھا پہلے ہی یَاہوِہ کا ہے خواہ وہ بَیل ہو یا بھیڑ، وہ یَاہوِہ ہی کا ہے۔ اَور اگر کویٔی ناپاک جانور ہو تو وہ اُس کی مُقرّرہ قیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کرکے اُسے واپس خرید لے۔ اَور اگر وہ اُس کو نہ چھُڑائے تو اُسے اُس کی مُقرّرہ قیمت پر بیچ دیا جائے۔

” ’لیکن کویٔی شَے جو کسی کی مِلکیّت ہو اَور اُس نے اُسے یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کر دیا ہو خواہ وہ شخص ہو یا جانور یا موروثی زمین تو اُسے بیچا ہی جا سَکتا ہے نہ چھُڑایا جا سَکتا ہے کیونکہ اِس طرح کی مخصُوص کی ہُوئی ہر چیز یَاہوِہ کے لیٔے نہایت پاک ہے۔

” ’کویٔی بھی شخص جو ہلاکت کے لیٔے مخصُوص کیا گیا ہو چھُڑایا نہ جائے بَلکہ جان سے مار دیا جائے۔

” ’زمین سے پیدا ہونے والی ہر چیز کی دہ یکی خواہ وہ زمین سے اناج کی یا درختوں سے پھلوں کی پیداوار ہو یَاہوِہ کی ہے اَور وہ یَاہوِہ کے لیٔے پاک ہے۔ اَور اگر کویٔی شخص اَپنی کسی دہ یکی کو چھُڑائے تو وہ اُس کی قیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اِضافہ کرکے اَدا کرے۔ گلّے اَور ریوڑ کی دہ یکی یعنی ہر دسواں جانور جو چرواہے کے عصا کے نیچے سے گزرتا ہے یَاہوِہ کے لیٔے پاک ہوگا۔ وہ بُروں میں سے اَچھّوں کا اِنتخاب ہرگز نہ کرے اَور نہ ہی اُنہیں بدلے۔ اَور اگر وہ بدلےگا تو وہ جانور اَور اُس کا بدل دونوں ہی پاک ہوں گے اَور چھُڑائے نہ جا سکیں گے۔‘ “

یہ وہ اَحکام ہیں جو یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کے لیٔے مَوشہ کو کوہِ سِینؔائی پر دئیے۔

Source notes (8)
  1. Footnote پچاس ثاقل تقریباً پانچ سَو پچھتّر گرام
  2. Footnote تیس ثاقل تقریباً تین سو پینتالیس گرام
  3. Footnote بیس ثاقل تقریباً دو سو تیس گرام
  4. Footnote دس ثاقل تقریباً ایک سَو پندرہ گرام
  5. Footnote پانچ ثاقل تقریباً اٹّھاون گرام
  6. Footnote تین ثاقل تقریباً پینتیس گرام
  7. Footnote پندرہ ثاقل تقریباً ایک سَو پچھتّر گرام
  8. Footnote ایک حُومر تقریباً ایک سَو پینتیس کِلوگرام

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.