Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
اَحبار 12
بچّہ کی وِلادت کے بعد طہارت
اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل کو حُکم دو: ’اگر کویٔی عورت حاملہ ہو اَور لڑکا پیدا کرے تو وہ سات دِن تک رسمی طور پر ناپاک سَمجھی جائے گی، جَیسا کہ وہ حَیض کے ایّام کے دَوران ناپاک رہتی ہے۔ اَور آٹھویں دِن اُس لڑکے کا ختنہ کیا جائے۔ اَور اِس کے بعد وہ عورت تینتیس دِن تک طہارت کے خُون میں رہے اَور پاک ہونے کے لیٔے اِنتظار کرے اَور لازماً وہ اَپنی طہارت کے دِن پُورے ہونے تک کسی مُقدّس چیز کو ہرگز نہ چھُوئے اَور نہ ہی پاک مَقدِس میں داخل ہو۔ اَور اگر وہ ایک لڑکی کو پیدا کرے تو وہ عورت دو ہفتوں تک ناپاک سَمجھی جائے گی جَیسا کہ حَیض کے ایّام کے دَوران ناپاک رہتی ہے۔ اَور پھر وہ طہارت کے خُون سے پاک ہونے کے لیٔے چھیاسٹھ دِن تک اِنتظار کرے۔
” ’اَور جَب لڑکے یا لڑکی کے لیٔے اُس کی طہارت کے دِن پُورے ہو جایٔیں، تو وہ سوختنی نذر کے لیٔے یک سالہ برّہ اَور گُناہ کی قُربانی کے لیٔے کبُوتر کا ایک بچّہ یا ایک قُمری خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِنؔ کے پاس لایٔے۔ اَور کاہِنؔ اُن کو اُس عورت کا کفّارہ دینے کے لیٔے یَاہوِہ کے حُضُور میں قُربانی کرے۔ تَب وہ اَپنے جریان خُون سے رسماً پاک ہو جایٔےگی۔
” ’یہ طریقہ ہر ایک عورت کے لیٔے ہے، چاہے وہ لڑکے کو یا لڑکی کو پیدا کرے۔ اگر وہ عورت ایک برّہ خریدنے کا مقدور نہ رکھتی ہو، تو وہ قُمریوں کا ایک جوڑا یا کبُوتر کے دو بچّے لایٔے، ایک سوختنی نذر کے لیٔے اَور دُوسرا گُناہ کی قُربانی کے لیٔے۔ اِس طرح کاہِنؔ اُس کے لیٔے کفّارہ دے گا، تو وہ پاک ہو جایٔےگی۔‘ “
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.