Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یُوحنّا 2

حُضُور یِسوعؔ کا پانی کو انگوری شِیرے میں تبدیل کرنا

تیسرے دِن کانا گلِیل میں ایک شادی تھی۔ یِسوعؔ کی ماں بھی وہاں مَوجُود تھیں۔ یِسوعؔ اَور اُن کے شاگرد بھی شادی میں بُلائے گیٔے تھے۔ جَب انگوری شِیرہ ختم ہو گیا، تو یِسوعؔ کی ماں نے اُن سے کہا، ”اِن لوگوں کے پاس اَب اَور انگوری شِیرہ نہیں رہا۔“

یِسوعؔ نے اَپنی ماں سے فرمایا، ”اَے خاتُون،1 اِس سے آپ کا اَور میرا کیا واسطہ ہے؟ ابھی میرا وقت نہیں آیا ہے۔“

یِسوعؔ کی ماں نے خادِموں سے فرمایا، ”جو کُچھ یِسوعؔ تُم سے فرمائیں وُہی کرنا۔“

نزدیک ہی چھ پتّھر کے مٹکے رکھے ہویٔے تھے، جو یہُودیوں کی رسمِ طہارت کے لیٔے اِستعمال میں آتے تھے، اُن مٹکوں میں 75 سے 115 لیٹر پانی کی گنجائش تھی۔

یِسوعؔ نے خادِموں سے فرمایا، ”مٹکوں میں پانی بھر دو“؛ اِس لیٔے اُنہُوں نے مٹکوں کو لبالب بھر دیا۔

اُس کے بعد یِسوعؔ نے اُن سے فرمایا، ”اَب کُچھ نکال کر اَمیر مَجلِس کے پاس لے جاؤ۔“

اُنہُوں نے اَیسا ہی کیا۔ جَب اَمیر مَجلِس نے وہ پانی چکھا جو انگوری شِیرے میں تبدیل ہو گیا تھا۔ اُسے پتا نہ تھا کہ وہ انگوری شِیرہ کہاں سے آیا ہے، لیکن اُن خادِموں کو مَعلُوم تھا جو اُسے نکال کر لایٔے تھے۔ چنانچہ اَمیر مَجلِس نے دُلہا کو بُلایا اَور اُس سے کہا، ”ہر شخص شروع میں اَچھّا انگوری شِیرہ پیش کرتا ہے اَور بعد میں جَب مہمان سیر ہو جاتے2 ہیں تو گھٹیا قِسم کا انگوری شِیرہ پیش کرتا ہے مگر تُونے اَچھّا انگوری شِیرہ اَب تک رکھ چھوڑا ہے۔“

یہ یِسوعؔ کا پہلا معجزہ تھا جو آپ نے کانا گلِیل میں دِکھایا اَور اَپنا جلال ظاہر کیا؛ اَور آپ کے شاگرد آپ پر ایمان لایٔے۔

اُس کے بعد یِسوعؔ، اَپنی ماں، بھائیوں اَور شاگردوں کے ساتھ کَفرنحُومؔ کو چلے گیٔے اَور وہاں کُچھ دِن تک قِیام کیا۔

بیت المُقدّس کے آنگن کا صَاف کیاجانا

جَب یہُودیوں کی عیدِفسح3 نزدیک آئی تو یِسوعؔ یروشلیمؔ روانہ ہویٔے۔ آپ نے وہاں بیت المُقدّس کے صحنوں میں لوگوں کو بَیل، بھیڑ اَور کبُوتر فروشوں کو اَور پیسے تبدیل کرنے والے صرّافوں کو بھی تختوں پر بیٹھے ہویٔے پایا۔ اِس لیٔے یِسوعؔ نے رسّیوں کا کوڑا بنا کر اُن سَب کو بھیڑوں اَور بَیلوں سمیت، پیسے تبدیل کرنے والے صرّافوں کے سِکّے بِکھیر دیئے اَور اُن کے تختے اُلٹ کر اُنہیں بیت المُقدّس سے باہر نکال دیا۔ اَور کبُوتر فروشوں سے فرمایا، ”اِنہیں یہاں سے لے جاؤ، میرے باپ کے گھر کو تِجارت کا گھر مت بناؤ۔“ حُضُور کے شاگردوں کو یاد آیا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”تیرے گھر کی غیرت مُجھے کھائے جاتی ہے۔“4

تَب یہُودی رہنماؤں نے آپ سے کہا، ”کیا تُم کویٔی معجزہ دِکھا کر ثابت کر سکتے ہو کہ تُمہیں یہ سَب کرنے کا حق ہے؟“

یِسوعؔ نے اُنہیں جَواب دیا، ”اِس بیت المُقدّس کو گرا دو، تو میں اِسے تین دِن میں پھر کھڑا کر دُوں گا۔“

یہُودیوں نے جَواب دیا، ”اِس بیت المُقدّس کی تعمیر میں چھیالیس سال لگے ہیں، اَور کیا تُم تین دِن میں اِسے دوبارہ بنا دوگے؟“ لیکن یِسوعؔ نے جِس بیت المُقدّس کی بات کی تھی وہ اُن کا اَپنا جِسم تھا۔ چنانچہ جَب وہ مُردوں میں سے جی اُٹھے تَب آپ کے شاگردوں کو یاد آیا کہ حُضُور نے یہ بات کہی تھی۔ تَب اُنہُوں نے کِتاب مُقدّس پر اَور یِسوعؔ کے کہے ہویٔے الفاظ پر یقین کیا۔

جَب یِسوعؔ عیدِفسح پر یروشلیمؔ میں تھے تو بہت سے لوگ آپ کے معجزے دیکھ کر آپ کے نام پر5 ایمان لے آئے۔ مگر یِسوعؔ کو اُن پر اِعتبار نہ تھا، اِس لیٔے کہ آپ سَب اِنسانوں کا حال جانتے تھے۔ حُضُور کو یہ ضروُرت نہ تھی کہ کویٔی آدمی آپ کو کسی دُوسرے آدمی کے بارے میں گواہی دے کیونکہ یِسوعؔ ہر ایک اِنسان کے دِل کا حال جانتے تھے۔

Source notes (5)
  1. Footnote خاتُون یُونانی میں لفظ عورت کسی بھی حقارت کی نِشان دہی نہیں کرتا ہے۔‏
  2. Footnote سیر ہو جاتے کا معنی ہے چھک جانا یا بھرپیٹ‏
  3. Footnote عیدِفسح یہُودیوں کی سَب سے بڑی عید، اِس پر برّہ ذبح کیا جاتا تھا یہ عید یہُودی لوگ مُلک مِصر کی غُلامی سے آزادی کی خُوشی میں منایا کرتے ہیں۔‏
  4. Footnote زبُور 69‏:9‏ ‏
  5. Footnote آپ کے نام پر یعنی حُضُور یِسوعؔ پر‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.