Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یُوحنّا 16

”مَیں نے تُمہیں یہ ساری باتیں اِس لیٔے بتایٔی ہیں کہ تُم گُمراہ نہ ہو جاؤ۔ وہ تُمہیں یہُودی عبادت گاہوں سے خارج کر دیں گے؛ درحقیقت، اَیسا وقت آ رہاہے کہ اگر کویٔی تُمہیں قتل کر ڈالے گا تُو یہ سمجھے گا کہ وہ خُدا کی خدمت کر رہاہے۔ وہ یہ سَب اِس لیٔے کریں گے کہ نہ تو اُنہُوں نے کبھی باپ کو جانا اَور نہ مُجھے۔ مَیں نے یہ باتیں تُمہیں اِس لیٔے بتایٔی ہیں کہ جَب وہ پُوری ہونے لگیں تو تُمہیں یاد آ جائے کہ مَیں نے تُمہیں پہلے ہی سے آگاہ کر دیا تھا۔ شروع میں اِس لیٔے نہیں بتائیں کہ میں خُود تمہارے ساتھ تھا، لیکن اَب مَیں اَپنے بھیجنے والے کے پاس واپس جا رہا ہُوں اَور تُم میں سے کویٔی بھی یہ نہیں پُوچھتا، ’آپ کہاں جا رہے ہیں؟‘ چونکہ، مَیں نے تُمہیں بتا دیا ہے اِس لیٔے تُم بڑے غمگین ہو گئے ہو۔ مگر میں تُم سے سچ سچ کہتا ہُوں، میرا یہاں سے رخصت ہو جانا تمہارے حق میں بہتر ثابت ہوگا۔ کیونکہ اگر مَیں نہ جاؤں گا، تو وہ مددگار تمہارے پاس نہیں آئے گا؛ لیکن اگر مَیں چلا جاؤں گا، تو اُسے تمہارے پاس بھیج دُوں گا۔ جَب وہ مددگار آئے گا، تو وہ دُنیا کو گُناہ اَور راستبازی، اَور اِنصاف کی بابت دُنیا کو مُجرم ٹھہرائے گا: گُناہ کے بارے میں، اِس لیٔے کہ لوگ مُجھ پر ایمان نہیں لاتے؛ راستبازی کی بابت، یہ کہ میں واپس باپ کے پاس جا رہا ہُوں، اَور تُم مُجھے پھر نہ دیکھوگے؛ اَور اِنصاف کی بابت یہ کہ دُنیا کا حاکم مُجرم ٹھہرایا جا چُکاہے۔

”مُجھے تُم سے اَور بھی بہت کُچھ کہنا ہے مگر ابھی تُم اُسے برداشت نہ کر پاؤگے۔ لیکن جَب وہ، رُوح حق، آئے گا، تو وہ ساری سچّائی کی طرف تمہاری رہنمائی کرےگا۔ وہ اَپنی طرف سے کُچھ نہ کہے گا؛ بَلکہ تُمہیں صِرف وُہی بتائے گا جو وہ سُنے گا، اَور مُستقبِل میں پیش آنے والی باتوں کی خبر دے گا۔ وہ میرا جلال ظاہر کرےگا کیونکہ وہ میری باتیں میری زبانی سُن کر تُم تک پہُنچائے گا۔ سَب کُچھ جو بھی باپ کا ہے وہ میرا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مَیں نے کہا کہ پاک رُوح میری باتیں میری زبانی سُن کر تُم تک پہُنچائے گا۔“

شاگردوں کا غم خُوشی میں بدل جانا

یِسوعؔ نے فرمایا، ”تھوڑی دیر بعد تُم مُجھے دیکھ نہ پاؤگے، اَور اُس کے تھوڑی دیر بعد پھر مُجھے دیکھ لوگے۔“

اِس پر بعض شاگرد آپَس میں کہنے لگے، ”اِس جملے کے کہنے کا کیا مطلب ہے، ’تھوڑی دیر کے بعد تُم مُجھے نہ دیکھ پاؤگے، اَور اُس کے تھوڑی دیر بعد پھر مُجھے دیکھ لوگے،‘ اَور یہ بھی کہ ’میں باپ کے پاس جا رہا ہُوں‘؟“ چنانچہ وہ ایک دُوسرے سے پُوچھتے رہے، ”اِس جملے کا کیا مطلب ہے ’تھوڑی دیر بعد؟‘ ہماری سمجھ میں تو کُچھ نہیں آتا کہ وہ کیا فرما رہے ہیں۔“

یِسوعؔ نے دیکھا کہ وہ اُن سے اِس بارے میں، پُوچھنا چاہتے ہیں، لہٰذا آپ نے اُن سے فرمایا، ”کیا تُم آپَس میں یہ پُوچھ رہے ہو، میری اِس بات کا کیا مطلب ہے ’تھوڑی دیر کے بعد تُم مُجھے نہ دیکھ پاؤگے، اَور اُس کے تھوڑی دیر بعد پھر مُجھے دیکھ لوگے؟‘ میں تُم سے سچ سچ کہتا ہُوں، تُم روؤگے اَور ماتم کروگے لیکن دُنیا کے لوگ خُوشی منائیں گے۔ تُم غمگین تو ہوگے، لیکن تمہارا غم خُوشی میں بدل جائے گا۔ جَب کسی عورت کے درد زہ1 ہونے لگتا ہے تو وہ غمگین ہو جاتی ہے اِس لیٔے کہ اُس کے دُکھ کی گھڑی آ پہُنچی؛ لیکن جُوں ہی بچّہ پیدا ہو جاتا ہے تو اِس خُوشی کے باعث کہ دُنیا میں ایک بچّہ پیدا ہُواہے وہ اَپنا درد بھُول جاتی ہے۔ یہی حال تمہارا ہے: اَب تُم غمگین ہو، مگر میں تُم سے پھر ملوں گا اَور تَب تُم خُوشی مناؤگے، اَور تُم سے تمہاری خُوشی کویٔی بھی چھین نہ سکےگا۔ اُس دِن تُمہیں مُجھ سے کویٔی بھی سوال کرنے کی ضروُرت نہ ہوگی۔ میں تُم سے سچ سچ کہتا ہُوں کہ اگر تُم میرا نام لے کر باپ سے کُچھ مانگوگے، تو باپ تُمہیں عطا کرےگا۔ تُم نے میرا نام لے کر اَب تک کُچھ نہیں مانگا۔ مانگو تو پاؤگے، اَور تمہاری خُوشی پُوری ہو جائے گی۔

”اگرچہ میں یہ باتیں تُمہیں تمثیلوں کے ذریعہ بَیان کرتا ہُوں، مگر وقت آ رہاہے کہ میں تمثیلوں سے بات نہیں کروں گا بَلکہ میں اَپنے باپ کے بارے میں تُم سے واضح طور پر باتیں کروں گا۔ اُس دِن تُم میرا نام لے کر مانگوگے۔ میں ہی تمہاری خاطِر باپ سے مِنّت کروں گا۔ کیونکہ، باپ تو خُود تُم سے مَحَبّت رکھتا ہے اِس لیٔے کہ تُم نے مُجھ سے مَحَبّت رکھی ہے اَور تُم ایمان لایٔے ہو کہ میں خُدا کی طرف سے آیا ہُوں۔ میں باپ میں سے نکل کر دُنیا میں آیا ہُوں؛ اَب دُنیا سے رخصت ہوکر باپ کے پاس واپس جا رہا ہُوں۔“

اِس پر شاگردوں نے آپ سے کہا، ”اَب تو آپ تمثیلوں میں نہیں بَلکہ واضح طور باتیں بَیان کر رہے ہیں۔ اَب ہم نے جان لیا کہ آپ کو سَب کُچھ مَعلُوم ہے اَور آپ اِس کے مُحتاج نہیں کہ کویٔی آپ سے پُوچھے۔ ہم ایمان لاتے ہیں کہ آپ خُدا کی طرف سے آئے ہیں۔“

یِسوعؔ نے اُنہیں جَواب دیا، ”کیا اَب تُم مُجھ پر ایمان رکھتے ہو؟ لیکن وہ وقت آ رہاہے بَلکہ آ پہُنچا ہے کہ تُم سَب مُنتشر ہوکر، اَپنے اَپنے گھر کی راہ لوگے۔ مُجھے تنہا چھوڑ دوگے، پھر بھی میں تنہا نہیں، کیونکہ میرا باپ میرے ساتھ ہے۔

”مَیں نے تُم سے یہ باتیں اِس لیٔے بتائیں کہ تُم مُجھ میں اِطمینان پاؤ۔ تُم دُنیا میں مُصیبت اُٹھاتے ہو۔ مگر ہِمّت سے کام لو! میں دُنیا پر غالب آیا ہُوں۔“

Source notes (1)
  1. Footnote درد زہ کا معنی بچّہ پیدا ہونے کا درد شدید ہے۔‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.