Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 57

صادق ہلاک ہوتے ہیں،

اَور کویٔی اِس بات کو خاطِر میں نہیں لاتا؛

خُداپرست اُٹھا لیٔے جاتے ہیں،

اَور کویٔی نہیں سمجھتا

کہ راستباز اِس لیٔے اُٹھا لیٔے جاتے ہیں

تاکہ وہ آفت سے بچ سکیں۔

راستی پر چلنے والے

سلامتی میں داخل ہوتے ہیں؛

اَور موت کی حالت میں آرام پاتے ہیں۔

”لیکن تُم اَے جادُوگرنی کے بیٹو،

اَور زانی اَور فاحِشہ کی اَولاد اِدھر آؤ!

تُم کس کا مضحکہ اُڑاتے ہو؟

اَور کس پر مُنہ پھاڑتے

اَور زبان درازی کرتے ہو؟

کیا تُم باغی نَسل

اَور جھوٹوں کی اَولاد نہیں ہو؟

تُم جو بلُوط کے درختوں کے درمیان

اَور ہر سایہ دار درخت کے نیچے شہوت میں غرق ہو جاتے ہو؛

وادیوں میں اَور چٹّانوں کے شگافوں کے درمیان

اَپنے بچّوں کو ذبح کرتے ہو۔

وادی کے چِکنے پتّھر ہی تیرا بَخرہ ہیں؛

وُہی، ہاں وُہی تیرا حِصّہ ہیں۔

ہاں، اُن کے لیٔے تُم تپاون دیتے ہو

اَور اناج کو بطور ہدیہ پیش کرتے ہو۔

کیا میں اِن باتوں سے خُوش ہوؤں؟

ایک اُونچے اَور بُلند پہاڑ پر تُونے اَپنا بِستر بچھایا ہے؛

وہیں تُو اَپنی قُربانیاں پیش کرنے کو چڑھ گئی۔

اَپنے دروازوں اَور چوکھٹوں کے پیچھے

تُم نے معبُودوں کا نِشان بنایا۔

مُجھے بھُلا کر تُم نے اَپنا بِستر کھول دیا،

تُم اُس پر چڑھی اَور اُسے خُوب کشادہ کیا؛

اَور جِن جِن کے بِستر تُجھے پسند آئے اَور تُم نے اُنہیں عُریاں دیکھا،

اُن کے ساتھ تُم نے عہد کر لیا۔

تُم خُوب مُعطّر ہوکر

زَیتُون کا تیل لے کر تُم مولکؔ1 یعنی بادشاہ کے پاس گئی۔

تُم نے اَپنے سفیر دُور دراز بھیج دئیے؛

یہاں تک کہ تُم خود موت کی سلطنت میں گزر گئی!

اَپنی اِن روِشوں کے باعث تُم تھک گئیں،

پھر بھی یہ نہ کہا، ’یہ بے فائدہ ہے۔‘

تُجھے اَیسا لگا گویا تیری توانائی لَوٹ آئی،

اِس لیٔے تُونے نقاہت محسُوس نہ کی۔

”آخِر تُو کس سے اِس قدر خوفزدہ اَور سہمی ہُوئی ہے

کہ تُونے مُجھ سے بےوفائی کی،

اَور مُجھے یاد تک نہ کیا

نہ ہی دِل میں اِن باتوں پر غور کیا؟

کیا یہ اِس لیٔے نہیں کہ میں بہت عرصہ سے خاموش رہا

جو تُو میرا خوف نہیں رکھتی؟

مَیں تیری راستبازی کو اَور تیرے کاموں کو ظاہر کر دُوں گا،

اَور اُن سے تُجھے کچھ فائدہ نہ ہوگا۔

جَب تُو مدد کے لیٔے چِلّایٔے،

تَب تیرے جمع کئے ہُوئے بُت ہی تُجھے بچائیں!

لیکن ہَوا اُن سَب کو اُڑا لے جائے گی،

محض ایک سانس اُن کو اُڑا لے جائے گی۔

لیکن جو شخص مُجھ میں پناہ لیتا ہے

وہ زمین کا مالک ہوگا

اَور میرے مُقدّس پہاڑ کا بھی وارِث ہوگا۔“

شکستہ دِل کے لیٔے تسکین

اَور یہ کہا جائے گا:

”راستہ بناؤ، بناؤ، راہ تیّار کرو!

میرے لوگوں کی راہ میں سے رُکاوٹیں دُور کرو۔“

کیونکہ جو اعلیٰ اَور بُزرگ

اَور تا اَبد قائِم رہے گا اَور جِس کا نام قُدُّوس ہے یُوں فرماتے ہیں:

”میں بُلند اَور پاک مقام میں رہتا ہُوں،

وُہی جو شکستہ دِل اَور فروتن ہے اُس کے ساتھ بھی ہُوں،

تاکہ فروتن کی رُوح کو

اَور شکستہ دِل کے دِل کو بحال کروں۔

اگر مَیں ہمیشہ اِلزام لگاتا رہتا،

اَور سدا غُصّہ کئے جاتا،

تو اِنسان کی رُوح میرے رُوبرو پست ہو جاتی

اَور آدمی کا دَم جسے مَیں نے پیدا کیا ہے، نابود ہو جاتا۔

میں اُس کے لالچ کے گُناہ آلُودہ کے سبب سے خفا ہَوا تھا؛

مَیں نے اُسے سزا دی اَور غُصّہ میں اَپنا مُنہ چھُپا لیا،

پھر بھی وہ اَپنی مَن مانی حرکتوں سے باز نہ آیا۔

میں اُس کی راہوں سے واقف ہُوں لیکن مَیں اُسے شفا بخشوں گا؛

میں اُس کی رہبری کروں گا اَور اِسرائیل کے غم خواروں کو دِلاسا دوں گا۔

اُن کے لبوں پر سِتائش کے نغمہ آ جایٔیں۔

کہ جو دُور ہیں اَورجو نزدیک ہیں، سَب کے لیٔے سلامتی ہی سلامتی ہے،“

یَاہوِہ فرماتے ہیں

”اَور مَیں اُنہیں شفا بخشوں گا۔“

لیکن بدکار موجزن سمُندر کی طرح ہیں،

جو کبھی ساکن نہیں رہ سَکتا،

اَور جِس کی لہریں کیچڑ اَور مٹّی اُچھالتی ہیں۔

خُدا فرماتے ہیں، ”بدکاروں کے لیٔے سلامتی نہیں ہے۔“

Source notes (1)
  1. Footnote مولکؔ کچھ نُسخوں میں مولکؔ یعنی بادشاہ

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.