Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 5

تاکستان کا نغمہ

میں اَپنے محبُوب کے لیٔے

اُس کے تاکستان کا نغمہ گاؤں گی:

میرے محبُوب کا تاکستان کا باغ تھا

ایک زرخیز پہاڑی پر۔

اُس نے اُسے کھودا اَور اُس کے پتّھر الگ کئے

اَور اُس میں بہترین انگوری بیلیں لگائیں۔

پہرا دینے کے لیٔے بُرج بنایا

اَور انگور کا عرق نکالنے کے لیٔے کولہو بھی لگایا۔

پھر وہ انگور کی اَچھّی فصل کا منتظر رہا،

لیکن اُس میں جنگلی انگور لگے۔

”اَب اَے یروشلیمؔ کے باشِندو اَور یہُوداہؔ کے لوگو،

میرے اَور میرے تاکستان کے بارے میں تُم ہی فیصلہ کرو۔

میرے تاکستان کے لیٔے اَور کیا کرنا باقی رہ گیا تھا

جو مَیں نے اُس کے لیٔے نہیں کیا ہو؟

پھر کیا وجہ ہے کہ جَب مَیں نے اَچھّے انگور کی توقع رکھی

تو اُس میں صِرف جنگلی انگور لگا؟

اَب مَیں تُمہیں بتاتا ہُوں

کہ مَیں اَپنے تاکستان کے ساتھ کیا کرنے جا رہا ہُوں:

مَیں اُس کی باڑ گرا دوں گا،

اَور وہ تباہ ہو جائے گا؛

مَیں اُس کی دیوار ڈھا دوں گا،

اَور اِسے روند دیا جائے گا۔

مَیں اُسے ویران کردوُں گا،

پھر نہ تو وہ چھانٹا جائے گا،

نہ ہی اُس میں کاشتکاری ہوگی،

اَور اُس میں جھاڑیاں اَور اُونٹ کٹارے اُگیں گے۔

مَیں بادلوں کو حُکم دُوں گا

کہ وہ اُس پر نہ برسیں۔“

قادرمُطلق یَاہوِہ کا تاکستان

اِسرائیل کا گھرانہ ہیں

اَور اہلِ یہُوداہؔ

اُس کی خُوشنما بیلیں ہیں۔

اُس نے اِنصاف کی توقع رکھی لیکن خُونریزی دیکھی؛

راستبازی چاہی لیکن صِرف آہ و زاری سُنی۔

افسوس اَور اِنصاف

افسوس تُم پرجو گھر سے گھر جوڑتے ہو

اَور کھیت سے کھیت مِلاتے ہو

تاکہ جگہ تک باقی نہ بچے

اَور تُم ہی مُلک میں اکیلے بسے رہو۔

قادرمُطلق یَاہوِہ نے میری سماعت میں اعلان کیا ہے:

”یقیناً بڑے بڑے گھر ویران ہوں گے،

اَور عالیشان محل اُجڑ جایٔیں گے۔ مَیں نے آسمانی فَوجوں کے ربّ کو سُنا ہے

دس ایکڑ تاکستان سے صِرف ایک بَت1 مَے حاصل کی جا سکے گی،

اَور ایک حُومر2 بیج صِرف ایک ایفہ اناج3۔“

افسوس اُن پرجو صُبح جلد اُٹھتے ہیں

تاکہ جامِ شراب کے مزے لیں،

اَور رات کو دیر تک جاگتے ہیں

یہاں تک کہ شراب کے نشہ میں چُور ہو جاتے ہیں۔

اُن کی محفلیں بربط اَور سِتار

دف اَور بانسری اَور مَے سے آراستہ کی جاتی ہیں،

لیکن اُنہیں یَاہوِہ کے کاموں کا کوئی لحاظ نہیں ہوتا،

نہ ہی اُنہیں اُس کے ہاتھوں کی کاریگری کی کویٔی قدر ہے۔

اِس لیٔے میرے لوگ نادانی کے باعث

جَلاوطن ہوں گے؛

اُن کے اعلیٰ مرتبہ لوگ بھُوکوں مَریں گے

اَور اُن کے عوام پیاس سے تڑپیں گے۔

چنانچہ پاتال کی بھُوک بڑھ گئی ہے

اَور اُس نے اَپنا مُنہ خُوب کھول رکھا ہے؛

اَور اُن کے اُمرا و عوام اَور

اُن کے تمام جھگڑے کرنے والوں اَور جَشن منانے والوں کے ساتھ اُتریں گے۔

لہٰذا اِنسان پست کیا جائے گا

اَور نَوع اِنسان کی ذِلّت ہوگی،

اَور مغروُر کی نگاہیں نیچی کی جایٔیں گی۔

لیکن قادرمُطلق یَاہوِہ اَپنے اِنصاف کی بنا پر سرفراز ہوگا،

اَور خُدائے قُدُّوس اَپنے راستی کے کاموں سے اَپنا تقدُّس ظاہر کریں گے۔

تَب بھیڑیں وہاں اَیسی چرتی ہُوئی دِکھائی دیں گی گویا وہ اَپنی ہی چراگاہوں میں ہیں؛

اَور برّے دولتمندوں کے کھنڈروں میں اَپنا پیٹ بھریں گے۔

افسوس اُن پرجو گُناہ کو بطالت کی رسّیوں سے

اَور بدکرداری کو گویا گاڑی کی رسّیوں سے کھینچ لاتے ہیں،

افسوس اُن پرجو کہتے ہیں، ”خُدا عجلت سے کام لے۔

اَور اَپنا کام جلدی سے کر ڈالے

تاکہ ہم اُسے دیکھیں۔

اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کا منصُوبہ عَمل میں آئے،

اَور جلد آئے،

تاکہ ہم اُسے جانیں۔“

افسوس اُن پرجو بدی کو نیکی

اَور نیکی کو بدی کہتے ہیں،

جو تاریکی کو نُور

اَور نُور کو تاریکی قرار دیتے ہیں،

اَور کڑوے کو میٹھا

اَور میٹھے کو کڑوا جانتے ہیں۔

افسوس اُن پرجو خُود کو اَپنی نگاہوں میں دانشمند

اَور ذہین سمجھتے ہیں۔

افسوس اُن پرجو مَے نوشی میں اُستاد

اَور شراب میں آمیزش کرنے میں ماہر کہلاتےہیں،

جو رشوت لے کر مُجرم کو تو بَری کر دیتے ہیں،

لیکن بے قُصُور کے ساتھ اِنصاف نہیں کرتے۔

پس جِس طرح آگ کی لَپٹیں بھُوسے کو کھا جاتی ہیں

اَور سُوکھی گھاس شُعلوں میں جَل کر فنا ہو جاتی ہے،

اُسی طرح اُن کی جڑیں بوسیدہ ہو جایٔیں گی

اَور اُن کے پھُول گَرد کی مانند اُڑ جایٔیں گے؛

کیونکہ اُنہُوں نے قادرمُطلق یَاہوِہ کے آئین کو ردّ کر دیا

اَور اِسرائیل کے قُدُّوس کے کلام کی تحقیر کی۔

اِس لیٔے یَاہوِہ کا قہر اُس کے لوگوں کے خِلاف بھڑک اُٹھا؛

اُنہُوں نے ہاتھ اُٹھاکر مَرا۔

پہاڑ لرزگئے،

اَور لاشیں اَیسی پڑی ہیں جَیسے کوچوں میں کوڑا کرکٹ پڑا ہو۔

یہ سَب ہو جانے کے باوُجُود بھی اُن کا قہر نہیں ٹلا،

اَور اُن کا ہاتھ ابھی تک بڑھا ہُواہے۔

وہ دُور کی قوموں کے لیٔے پرچم کھڑا کرتا ہے،

اَور اُنہیں زمین کے کناروں سے سیٹی بجا کر بُلاتا ہے۔

اَور وہ فوراً تیز رفتار سے

چلے آتے ہیں۔

اُن میں سے نہ کویٔی تھکتا ہے نہ ٹھوکر کھاتا ہے،

نہ کویٔی اُونگھتا ہے نہ سوتا ہے؛

اُن کی کمر کا کویٔی بند بھی ڈھیلا نہیں ہو پاتا،

نہ ہی کسی کی جُوتی کاتسمہ ٹوٹتا ہے۔

اُن کے تیر تیز ہیں،

اَور اُن کی تمام کمانیں کشیدہ ہیں؛

اُن کے گھوڑوں کے کھُر چقماق کی طرح نظر آتے ہیں،

اَور اُن کے رتھوں کے پہیّے گِردباد کی طرح۔

اُن کی گرج شیروں کے گرجنے کی طرح ہے،

اَور وہ جَوان شیروں کی طرح دھاڑتے ہیں؛

وہ غرّاتے ہُوئے شِکار پر جھپٹتے ہیں

اَور بے روک ٹوک اُسے لے جاتے ہیں اَور کویٔی اُسے نہیں بچاتا۔

اُس روز وہ اُس پر اَیسے غُرّائیں گے

جَیسا کہ سمُندر شور مچاتا ہے،

اَور اگر کویٔی اُس مُلک پر نظر ڈالے،

تو وہ صِرف تاریکی اَور دُکھ تکلیف ہی دیکھ پایٔےگا؛

یہاں تک کہ بادل سُورج رَوشنی کو بھی تاریک کر دیں گے۔

Source notes (3)
  1. Footnote بَت تقریباً 22 لیٹر
  2. Footnote ایک حُومر تقریباً 160 کِلوگرام
  3. Footnote ایک ایفہ اناج تقریباً 16 کِلوگرام

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.