Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 21

بابیل کے خِلاف نبُوّت

سمُندر کے کنارے والے صحرا کے متعلّق نبُوّت: جِس طرح جُنوبی علاقہ سے تیز آندھیاں آتی ہیں،

اُسی طرح بیابان سے جو ایک دہشت کی سرزمین ہے،

ایک حملہ آ وار آ رہاہے۔

مُجھے نہایت ہی ہیبت ناک رُویا دِکھائی گئی:

غدّار دغا دیتاہے، اَور لُٹیرا لُوٹ لیتا ہے۔

اَے عیلامؔ، چڑھائی کر! اَے مِدائی، محاصرہ کر!

اُس کی وجہ سے جو نوحہ ہُوا اُسے میں ختم کروں گا۔

یہی باعث ہے کہ میرا جِسم درد سے اینٹھ رہاہے،

ایک زچّہ کی طرح شدید درد نے مُجھے جکڑ لیا ہے؛

جو کچھ میں سُن رہا ہُوں اُس سے میں ہِراساں ہُوں،

اَورجو دیکھ رہا ہُوں اُس سے میں پریشان ہُوں۔

میرا دِل رُکا جاتا ہے،

اَور خوف سے میں کانپنے لگتا ہُوں؛

جِس شفق شام کے لیٔے میں ترستا تھا

وہ میرے لیٔے ہیبت بَن گئی۔

وہ دسترخوان بچھاتے ہیں،

اَور غلیچے پھیلاتے ہیں،

وہ کھاتے اَور پیتے ہیں!

اَے افسر، اُٹھو،

سِپر پر تیل مَلو!

یَاہوِہ مُجھ سے یہ کہتاہے:

”جاؤ، ایک پہرےدار کو مُقرّر کر

تاکہ وہ جو کچھ دیکھے اُس کی اِطّلاع دے۔

جَب وہ رتھ دیکھے

جِن میں دو دو گھوڑے جُتے ہُوں،

اَور گدھوں

اَور اُونٹوں پر سوار دیکھے،

تو وہ نہایت چوکنّا ہو جائے،

بےحد چوکنّا۔“

اَور پہرےدار شیر کی مانند چِلّا اُٹھا،

”میرے آقا، میں روز بروز پہرا کے بُرج پر کھڑا رہتا ہُوں؛

ہر رات میں اَپنی جگہ پر مَوجُود ہُوں۔

دیکھ، ایک آدمی رتھ میں آتا ہے

جِس میں دو گھوڑے جُتے ہیں۔

اَور یہ خبر لاتا ہے:

’بابیل گِر پڑا، گِر پڑا!

اُس کے معبُودوں کی سبھی مورتیاں

چکنا چُور ہوکر زمین پر گری پڑی ہیں!‘ “

اَے میرے لوگو جو کھلیان میں پامال ہو چُکے ہو،

قادرمُطلق یَاہوِہ اَور اِسرائیل کے

خُدا سے مَیں نے جو کچھ سُنا،

تُمہیں بتاتا ہُوں۔

اِدُوم کے خِلاف نبُوّت

دُومہؔ کے متعلّق نبُوّت:

کسی نے مُجھے سِعِیؔر سے پُکارا،

”اَے پہرےدار، رات کی کیا خبر ہے؟

اَے پہرےدار، رات کی کیا خبر ہے؟“

پہرےدار جَواب دیتاہے،

”صُبح ہوتی ہے اَور رات بھی۔

اگر تُم پُوچھنا چاہتے ہو تو پُوچھو؛

اَور ایک بار پھر آنا۔“

عربؔ کے خِلاف نبُوّت

عربؔ کے متعلّق نبُوّت:

اَے دِدانیوں کے قافلو،

جو عربؔ کے جنگلوں میں مُقیم ہو،

پیاسوں کے لیٔے پانی لاؤ؛

اَے تیماؔ کے رہنے والو،

بھاگنے والوں کے لیٔے کھانا لاؤ۔

وہ تلوار سے،

ننگی تلوار سے،

اَور کھینچی ہُوئی کمان سے

اَور جنگ کی شِدّت کے خوف سے بھاگے ہیں۔

یَاہوِہ نے مُجھ سے یہ کہا: ”مزدُوروں کے حِساب کے مُطابق ایک سال کے اَندر قیدارؔ کی تمام شان و شوکت ختم ہو جائے گی۔ قیدارؔ کے تیر اَندازوں اَور بہادروں میں سے صِرف چند لوگ ہی بچ پائیں گے۔“ یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا نے یہ فرمایاہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.