Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 17

دَمشق کے خِلاف نبُوّت

دَمشق کے متعلّق نبُوّت:

”دیکھ، دَمشق اَب شہر نہ رہے گا

بَلکہ کھنڈر کا ڈھیر بَن جائے گا۔

عروعؔر کے شہر ویران ہوں گے

اَور وہ گلّوں کے بیٹھنے کی جگہ بنیں گے،

جہاں اُنہیں کویٔی ڈرانے والا نہ ہوگا۔

اِفرائیمؔ کا ہر قلعہ غائب ہو جائے گا،

اَور دَمشق کی سلطنت جاتی رہے گی؛

اَور ارام کے باقی بچے ہُوئے لوگ بھی

بنی اِسرائیل کی شان و شوکت کی طرح غائب ہو جایٔیں گے،“

یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔

”اُس دِن یعقوب کی حشمت گھٹ جائے گی؛

اَور اُس کے بَدن کی چربی پگھل جائے گی۔

وہ اَیسا ہوگا گویا کویٔی دہقان کھڑی فصل کاٹ کر

گیہُوں کی بالیں بازوؤں میں سمیٹ رہاہے

جَیسے رفائیمؔ کی وادی میں

کویٔی خُوشہ چینی کرتا ہو۔

پھر بھی کچھ خُوشہ باقی بچیں گے،

ٹھیک اُس طرح جَیسے زَیتُون کے درخت کو ہلانے کے بعد بھی

دو یا تین پھل چوٹی کی شاخوں پر،

اَور چار یا پانچ پھلدار شاخوں پر بچ جاتے ہیں،“

یَاہوِہ اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتے ہیں۔

اُس دِن لوگ اَپنے خالق کی طرف نگاہ اُٹھائیں گے

اَور اُن کی آنکھیں اِسرائیل کے قُدُّوس کو دیکھیں گی۔

وہ مذبحوں کی طرف نہ دیکھیں گے،

جنہیں اُنہُوں نے اَپنے ہاتھوں سے بنایا، اَور نہ وہ اشیراہؔ کے سُتونوں کا

اَور نہ عُود جَلانے کے مذبحوں کا لحاظ کریں گے جو اُن کے

اَپنے ہاتھوں کی دستکاری ہیں۔

اُس دِن اُن کے محکم شہر جنہیں اُنہُوں نے بنی اِسرائیل کی وجہ سے خیرباد کہاتھا اَیسے ہوں گے گویا وہ صِرف جنگلی جھاڑیوں اَور گھاس کے اُگنے کے لیٔے ہی تھے۔ ہر طرف ویرانی ہوگی۔

تُونے اَپنے مُنجّی خُدا کو فراموش کیا؛

اَور اُس چٹّان کو یاد نہ رکھا جو تیرا قلعہ ہے۔

اِس لیٔے خواہ تُو اَچھّے سے اَچھّے پَودے

اَور درآمد کی ہُوئی انگوری بیلیں لگائے،

خواہ وہ اُسی روز بڑھنے لگیں جِس روز تُونے اُنہیں لگایا،

اَور اُسی صُبح اُن میں کلیاں نکل آئیں،

لیکن بیماری اَور شدید درد کے دِن

اُن کا پھل جاتا رہے گا۔

افسوس، بہت سِی قوموں کا ہنگامہ

جِن کا شور سمُندر کے شور کی طرح ہے!

افسوس، مُختلف لوگوں کا شور و غُل

وہ بڑے بڑے دریاؤں کی مانند شور مچاتے ہیں!

حالانکہ لوگ سیلاب کے پانی کی طرح اُمنڈ آتے ہیں،

لیکن جَب وہ ڈانٹتا ہے تو وہ اَیسے دُور بھاگ جاتے ہیں،

جَیسے ٹیلوں پر کی بھُوسی ہَوا کے سامنے اُڑ جاتی ہے،

اَور گھاس پھُوس جسے آندھی اُڑائے پھرتی ہے۔

شام کے وقت جو دہشت لاتے ہیں!

وہ صُبح ہونے سے پہلے ختم ہو جاتے ہیں!

یہ اُن لوگوں کا حِصّہ ہے جو ہمیں لُوٹتے ہیں،

اَور اُن کا بَخرہ جو ہمیں تباہ کرتے ہیں۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.