Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

یَشعیاہ 13

بابیل کے خِلاف نبُوّت

بابیل کے خِلاف نبُوّت جسے یَشعیاہ بِن آموصؔ نے رُویا میں پایا:

پہاڑ کی ننگی چوٹی پر پرچم لہراؤ،

اُنہیں للکارو؛

اَور ہاتھ سے اِشارہ کرو

کہ وہ اُمرا کے پھاٹکوں سے داخل ہُوں۔

مَیں نے اُن لوگوں کو حُکم دیا ہے جنہیں میں نے جنگ کے لیٔے تیّار کیا ہے؛

اَور اَپنے بہادروں کو بُلایا ہے

جو میری فتحیابی پر للکارتے ہیں

کہ وہ میرے قہر کو اَنجام دیں۔

سُنو، پہاڑوں پر شور و غُل ہو رہاہے،

جَیسے کسی بڑے مجمع کا ہو!

سُنو، مملکتوں میں ہنگامہ مچا ہُواہے، گویا مُختلف قوموں کا اِجتماع ہو!

قادرمُطلق یَاہوِہ1 جنگ کے لیٔے لشکر جمع کر رہاہے۔

وہ دُور دراز کے مُلکوں سے آئے ہیں،

آسمان کی اِنتہا سے۔

یَاہوِہ اَور اُس کے قہر کے ہتھیار۔

تاکہ سارا مُلک تباہ کیا جائے۔

واویلا کرو کیونکہ یَاہوِہ کا دِن قریب ہے؛

وہ قادرمُطلق کی طرف سے بڑی تباہی لے کر آئے گا۔

اُس کی وجہ سے تمام ہاتھ ڈھیلے پڑ جایٔیں گے،

اَور ہر شخص کا دِل پگھل جائے گا۔

وہ دہشت زدہ ہوں گے،

درد اَور سخت تکلیف اُنہیں جکڑ لے گی؛

اَور وہ زچّہ کی مانند درد سے تِلمِلا اُٹھیں گے۔

وہ پُر خوف نگاہوں سے ایک دُوسرے کا مُنہ تاکیں گے،

اَور اُن کے چہرے مشتعل ہوں گے۔

دیکھو، یَاہوِہ کا دِن آ رہاہے

اَور قہر شدید، غُصّہ سے بھرا ہُوا نہایت دہشت اَنگیز دِن۔

تاکہ مُلک کو ویران

اَور اُس میں بسنے والے گُنہگاروں کو نِیست و نابود کر دے۔

آسمان کے سِتارے اَور کواکب

بے نُور ہو جایٔیں گے۔

اُبھرتا ہُوا سُورج تاریک ہو جائے گا

اَور چاند کی رَوشنی جاتی رہے گی۔

میں دُنیا کو اُس کی بُرائی کی،

اَور بدکاروں کو اُن کے گُناہوں کی سزا دوں گا۔

میں مغروُروں کے گھمنڈ کو ختم کر دُوں گا

اَور سنگدلوں کے غُرور کو پست کروں گا۔

میں اِنسان کو خالص سونے،

بَلکہ اوفیرؔ کے سونے سے بھی مہنگا بنا دُوں گا۔

اِس لیٔے میں آسمانوں کو لرزاؤں گا؛

اَور زمین اَپنی جگہ سے ہل جائے گی

یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کے قہر سے،

اُس کے بھڑکتے ہُوئے غُصّہ کا دِن ہوگا۔

شِکاری کے ڈر سے بھاگنے والی ہِرنیوں،

اَور بِن چرواہے کی بھیڑوں کی طرح،

ہر ایک اَپنے اَپنے لوگوں کی طرف لَوٹے گا،

اَور اَپنے اَپنے وطن کو بھاگ جائے گا۔

جو کویٔی پکڑا جائے گا اُسے آرپار چھیدا جائے گا؛

وہ جو گِرفتار ہوں گے تلوار کا لقمہ بنیں گے۔

اُن کے شیر خوار بچّے اُن کی آنکھوں کے سامنے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے جایٔیں گے؛

اَور اُن کے گھر لُوٹے جایٔیں گے اَور اُن کی بیویوں کی بےحُرمتی ہوگی۔

دیکھو، مَیں میدی یا مادیوں کو اُن کے خِلاف اُبھاروں گا،

جو چاندی کی پروا نہیں کرتے

نہ ہی سونے میں کویٔی دلچسپی رکھتے ہیں۔

اُن کی کمانوں سے جَوان زخمی ہوکر گریں گے؛

وہ نہ شیرخواروں پر ترس کھایٔیں گے

اَور نہ ہی لڑکے، لڑکیوں پر رحم کی نظر کریں گے۔

چنانچہ خُدا بابیل کو جو تمام مملکتوں کی حشمت ہے،

اَور جِس کی شان و شوکت پر کَسدیوں کو ناز ہے،

سدُومؔ اَور عمورہؔ کی طرح

تہہ و بالا کر دے گا۔

وہ پھر کبھی آباد نہ ہوگا

اَور پُشت در پُشت اُس میں کویٔی نہ بسے گا؛

کویٔی عربی وہاں خیمہ زن نہ ہوگا،

نہ کویٔی چرواہا اَپنے گلّوں کو وہاں آرام کرنے دے گا۔

لیکن بیابان کے جنگلی جانور وہاں لیٹیں گے،

اَور گیدڑ اُن کے محلوں میں گھُس جایٔیں گے؛

اُلّو وہاں بسیرا کریں گے،

اَور جنگلی بکریاں وہاں کُودتی پھاندتی رہیں گی۔

اُس کے قلعوں میں لکڑبگّھے،

اَور اُس کے عالیشان محلوں میں گیدڑ شور مچائیں گے۔

اُس کا دِن قریب آ چُکا،

اَور اُس کے دِنوں کو اَب طُول نہ دیا جائے گا۔

Source notes (1)
  1. Footnote قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.