Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
پیدائش 7
تَب، یَاہوِہ نے نوحؔا سے فرمایا، ”تُم اَپنے پُورے خاندان کے ساتھ جہاز میں چلے جانا کیونکہ مَیں نے اِس پُشت میں تُمہیں ہی راستباز پایا ہے۔ تُم تمام پاک جانوروں میں سے سات سات نر، اَور مادہ اَور ناپاک جانوروں میں سے ایک ایک نر اَور مادہ ساتھ لے لینا، اَور ہر قِسم کے پرندوں میں سے سات سات نر اَور مادہ بھی لینا، تاکہ اُن کی مُختلف نَسلیں زمین پر باقی رہیں۔ مَیں سات دِن کے بعد زمین پر چالیس دِن اَور چالیس رات پانی برساؤں گا، اَور ہر اُس جاندار شَے کو جسے مَیں نے بنایا ہے، مٹا دُوں گا۔“
اَور نوحؔا نے وہ سَب کیا جِس کا یَاہوِہ نے حُکم دیا تھا۔
نوحؔا چھ سَو بَرس کے تھے، جَب زمین پر سیلابی پانی آیا۔ اَور نوحؔا اَور آپ کے بیٹے اَور آپ کی بیوی اَور آپ کے بیٹوں کی بیویاں سیلابی پانی سے بچنے کے لیٔے جہاز میں داخل ہو گئے۔ پاک اَور ناپاک دونوں قِسم کے جانوروں، پرندوں اَور زمین پر رینگنے والے جانوروں کے دو دو، نر اَور مادہ، خُدا کے دئیے گیٔے حُکم کے مُطابق نوحؔا کے پاس آئے اَور جہاز میں داخل ہویٔے۔ اَور سات دِن کے بعد سیلابی پانی زمین پر آ گیا۔
جَب نوحؔا کی عمر کے چھ سَوویں بَرس کے دُوسرے مہینے کی سترھویں تاریخ تھی، اُس دِن زمین کے نیچے سے سارے چشمے پھوٹ نکلے اَور آسمانی سیلاب کے دروازے کھُل گیٔے۔ اَور زمین پر چالیس دِن اَور چالیس رات لگاتار مینہ برستا رہا۔
اُسی دِن نوحؔا اَور اُن کی بیوی اَپنے تین بیٹوں، شِمؔ، حامؔ اَور یافیتؔ اَور اُن کی بیویوں سمیت جہاز میں داخل ہویٔے۔ اَور ہر جنس کے چُھوٹے بڑے جنگلی جانور، مویشی، زمین پر رینگنے والے جانور، پرندے اَور پروں والے جاندار اُن کے ساتھ تھے۔ یہ تمام جوڑے، جِن میں زندگی کا دَم تھا نوحؔا کے پاس آئے اَور جہاز میں داخل ہو گئے۔ نوحؔا کو خُدا کے دئیے گیٔے حُکم کے مُطابق، جو جاندار اَندر آئے، وہ نر اَور مادہ تھے۔ تَب یَاہوِہ نے جہاز کا دروازہ بند کر دیا۔
چالیس دِن تک زمین پر سیلاب جاری رہا اَور جُوں جُوں پانی چڑھتا گیا، جہاز زمین سے اُوپر اُٹھتا چلا گیا۔ پانی زمین پر چڑھتا گیا، اَور بہت ہی بڑھ گیا اَور جہاز پانی کی سطح پر تیرتا رہا۔ پانی زمین پر اِس قدر چڑھ گیا کہ سارے آسمان کے نیچے کے تمام اُونچے اُونچے پہاڑ ڈُوب گیٔے۔ پانی بڑھتے بڑھتے پہاڑوں سے بھی پندرہ ہاتھ1 اُوپر چڑھ گیا۔ زمین پر ہر پرندہ، ہر مویشی، جنگلی جانور اَور ہر اِنسان گویا ہر جاندار فنا ہو گیا۔ خُشکی پر کی ہر شَے جِس کے نتھنوں میں زندگی کا دَم تھا مَر گئی۔ یَاہوِہ نے رُوئے زمین پر کی ہر جاندار شَے مٹا دی، کیا اِنسان، کیا حَیوان، کیا زمین پر رینگنے والے جاندار اَور کیا ہَوا میں اُڑنے والے پرندے، سَب کے سَب نابود ہو گئے۔ صِرف نوحؔا باقی بچے اَور وہ جو اُن کے ساتھ جہاز میں تھے۔
اَور سیلابی پانی زمین پر ایک سَو پچاس دِن تک چڑھتا رہا۔
Source notes (1)
- Footnote پندرہ ہاتھ تقریباً 7 مِیٹر
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.