Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

پیدائش 14

اَبرامؔ کا لَوطؔ کو رِہائی دِلوانا

اُن ہی دِنوں میں شِنعاؔر کے بادشاہ اَمرافِلؔ، اِلاسرؔ کے بادشاہ اریُوخ، عیلامؔ کے بادشاہ کِدرلاعُیمرؔ اَور گوئیِمؔ کے بادشاہ تِدعالؔ نے سدُومؔ کے بادشاہ بَرع، عمورہؔ کے بادشاہ بِرشعؔ، اَدمہؔ کے شِنابؔ، ضبوئیمؔ کے بادشاہ شِمیبؔر اَور بَیلعؔ (یعنی ضُعَرؔ) کے بادشاہ سے جنگ کی۔ یہ سَب بادشاہ سِدّیمؔ یعنی بحرمُردار کی وادی میں اِکٹھّے ہویٔے۔ بَارہ بَرس تک وہ کِدرلاعُیمرؔ کے مطیع رہے لیکن تیرہویں بَرس میں اُنہُوں نے بغاوت کر دی۔

چودھویں بَرس کِدرلاعُیمرؔ اَور اُس کے ساتھ کے بادشاہ آئے اَور رفائیمؔ کو عَستِروت قرنائم میں زُوزیم کو ہامؔ میں اَور ایمیمؔ کو شاوِہ قِریتائم میں۔ اَور حَوریم کو سِعِیؔر کے پہاڑی مُلک میں مارتے مارتے بیابان کے نزدیک ایل پارانؔ تک پہُنچ گیٔے۔ تَب وہ لَوٹ کر عینؔ مِشپاتؔ (یعنی قادِسؔ آئے) اَور عمالیقیوں کے تمام مُلک کو اَور امُوریوں کو جو حَصّونؔ تامارؔ میں رہتے تھے، تسخیر کیا۔

تَب سدُومؔ کے بادشاہ، عمورہؔ کے بادشاہ، اَدمہؔ کے بادشاہ، ضبوئیمؔ کے بادشاہ اَور بَیلعؔ (یعنی ضُعَرؔ) کے بادشاہ نے کُوچ کیا اَور سِدّیمؔ کی وادی میں یہ چاروں بادشاہ عیلامؔ کے بادشاہ کِدرلاعُیمرؔ، گوئیِمؔ کے بادشاہ تِدعالؔ، شِنعاؔر کے بادشاہ اَمرافِلؔ اَور اِلاسرؔ کے بادشاہ اریُوخ اِن پانچ بادشاہوں کے خِلاف صف آرا ہویٔے۔ سِدّیمؔ کی وادی میں جابجا نفت کے بے شُمار گڑھے تھے اَور جَب سدُومؔ اَور عمورہؔ کے بادشاہ میدان چھوڑکر بھاگے تو کیٔی لوگ اُن گڑھوں میں گِر پڑے اَورجو بچے وہ پہاڑوں پر بھاگ گیٔے۔ تَب اُن چار بادشاہوں نے سدُومؔ اَور عمورہؔ کا سارا مال و متاع اَور سَب اناج لُوٹ لیا اَور وہاں سے چلے گیٔے۔ اَور وہ اَبرامؔ کے بھتیجے، لَوطؔ کو بھی اُس کے مال و متاع سمیت پکڑ لے گیٔے کیونکہ وہ سدُومؔ میں رہتے تھے۔

تَب ایک شخص نے جو بھاگ کر بچ نِکلا تھا آکر اَبرامؔ عِبرانی کو لَوطؔ کی خبر دی۔ اَبرامؔ، اِشکلؔ اَور عانیرؔ کے بھایٔی ممرےؔ امُوری کے بلُوط کے درختوں کے نزدیک رہتے تھے اَور اِن سَب لوگوں نے اَبرامؔ کے ساتھ عہد کیا تھا۔ جَب اَبرامؔ نے سُنا کہ اُن کا رشتہ دار اسیر ہو چُکاہے تو آپ نے تین سَو اٹھّارہ تربّیت یافتہ خانہ زادوں کو ہمراہ لیا اَور لُٹیروں کا دانؔ تک پیچھا کیا۔ رات کے وقت اَبرامؔ نے اَپنے آدمیوں کو الگ الگ دستوں میں تقسیم کرکے اُن پر حملہ کر دیا اَور اُنہیں پسپا کرکے دَمشق کے شمال میں حوبہؔ تک اُن کا تعاقب کیا۔ آپ نے سارے مال و متاع پر قبضہ کر لیا اَور اَپنے رشتہ دار لَوطؔ کو اَور اُن کے مال کو عورتوں اَور دُوسرے لوگوں سمیت واپس لے آئے۔

جَب اَبرامؔ کِدرلاعُیمرؔ اَور اُن کے ساتھ کے بادشاہوں کو شِکست دے کر واپس آ رہے تھے تو سدُومؔ کا بادشاہ شاوِہ کی وادی (یعنی بادشاہ کی وادی) میں اَبرامؔ کے اِستِقبال کے لیٔے آیا۔

تَب شالمؔ کا بادشاہ ملکِ صِدقؔ، روٹی اَور انگوری شِیرہ لے کر آیا۔ وہ خُداتعالیٰ کا کاہِنؔ تھا۔ ملکِ صِدقؔ نے اَبرامؔ کو یہ کہہ کر برکت دی،

”خُداتعالیٰ کی طرف سے جو آسمان اَور زمین کا خالق ہے،

اَبرامؔ مُبارک ہو۔

اَور مُبارک ہے خُداتعالیٰ

جِس نے تمہارے دُشمنوں کو تمہارے ہاتھ میں کر دیا۔“

تَب اَبرامؔ نے سَب مالِ غنیمت کا دسواں حِصّہ ملکِ صِدقؔ کو نذر کیا۔

سدُومؔ کے بادشاہ نے اَبرامؔ سے کہا، ”آدمیوں کو مُجھے دے دیجئے اَور مال و زَر اَپنے لیٔے رکھ لیجئے۔“

لیکن اَبرامؔ نے سدُومؔ کے بادشاہ سے فرمایا، ”مَیں نے یَاہوِہ، خُداتعالیٰ، آسمان اَور زمین کے خالق کی قَسم کھائی ہے، کہ مَیں تمہاری کویٔی چیز نہ لُوں گا خواہ وہ دھاگا ہو یا جُوتی کاتسمہ، تاکہ تُم کبھی یہ نہ کہہ سکو، ’مَیں نے اَبرامؔ کو دولتمند بنا دیا۔‘ سِوا اُس کے جو میرے جَوانوں نے کھایا اَور اُن لوگوں کے حِصّے کے جو میرے ساتھ گیٔے یعنی عانیرؔ، اِشکلؔ اَور ممرےؔ؛ وہ اَپنا اَپنا حِصّہ لے لیں گے۔“

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.