Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

خُروج 38

سوختنی قُربانی کی نذر کا مذبح

اَور اُنہُوں نے سوختنی نذر کی قُربانی کا مذبح کیکر کی لکڑی کا بنایا جو چوکور تھا اَور پانچ ہاتھ لمبا اَور پانچ ہاتھ چوڑا اَور تین ہاتھ اُونچا تھا۔ اَور اُنہُوں نے اُس کے چاروں کونوں پر ایک ایک سینگ بنایا اَور وہ سینگ اَور مذبح ایک ہی ٹکڑے کے تھے اَور اُنہُوں نے مذبح کو کانسے سے منڈھا۔ اَور اُنہُوں نے اُس کے تمام ظروف کانسے کے یعنی دیگیں، بیلچے، چھڑکاؤ کرنے والے پیالے، گوشت کے لیٔے سیخیں اَور انگیٹھیاں بنائیں۔ اَور اُنہُوں نے مذبح کے لیٔے اُس کنارے کے نیچے کانسے کا جالی دار جنگلہ اِس طرح لگایا کہ وہ مذبح سے آدھی اُونچائی تک پہُنچتا تھا۔ اَور اُنہُوں نے کانسے کے کڑے گڑھ کر بنائے تاکہ کانسے کے جنگلہ کے چاروں کونوں کی بَلّیوں کو تھامے رکھیں۔ اَور اُنہُوں نے کیکر کی لکڑی کی بَلّیاں بنائیں اَور اُنہیں کانسے سے منڈھا۔ اَور اُنہُوں نے اُن بَلّیوں کو اُن کڑوں میں ڈالا تاکہ وہ مذبح کو اُٹھانے کے لیٔے اُس کے دونوں طرف ہُوں۔ اُنہُوں نے مذبح کو تختوں سے بنایا تھا اَور وہ اَندر سے کھوکھلا تھا۔

کانسے کا لگن

اَور اُنہُوں نے اُن عورتوں کے فرمانوں سے جو خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر خدمت کرتی تھیں کانسے کا ایک لگن اَور لگن کی چوکی کانسے کی بنائی۔

صحن

پھر اُنہُوں نے مَسکن کے لیٔے ایک صحن بنایا جِس کی جُنوبی سمت ایک سَو ہاتھ لمبی تھی اَور جِس کے پردے نفیس بٹے ہویٔے کتان کے تھے۔ اَور اُن کے لیٔے بیس سُتون اَور کانسے کے بیس پایٔے تھے۔ اَور سُتونوں پر چاندی کی کنڈیاں اَور پٹّیاں تھیں۔ اَور شمالی سمت بھی ایک سَو ہاتھ لمبی اَور اُس کے پردوں کے لیٔے بھی بیس سُتون اَور کانسے کے بیس پایٔے تھے۔ اَور سُتونوں کے لیٔے چاندی کی کنڈیاں اَور پٹّیاں تھیں۔

اَور مغربی کنارا پچاس ہاتھ چوڑا1 تھا جِس کے پردوں کے لیٔے دس سُتون اَور دس پایٔے تھے اَور اُن سُتونوں پر چاندی کی کنڈیاں اَور پٹّیاں تھیں۔ اَور طُلوع آفتاب کی طرف مشرقی کنارا بھی پچاس ہاتھ چوڑا تھا۔ اَور پندرہ ہاتھ لمبے پردے دروازہ کے ایک طرف تھے جِن کے لیٔے تین سُتون اَور تین ہی پایٔے تھے۔ اَور پندرہ ہاتھ لمبے2 پردے صحن کے دروازہ کی دُوسری طرف تھے اَور اُن کے لیٔے بھی تین سُتون اَور تین پایٔے تھے۔ اَور صحن کے اِردگرد تمام پردے نفیس بٹے ہویٔے کتان کے تھے۔ اُن بَلّیوں کے لیٔے پایٔے کانسے کے تھے۔ بَلّیوں پر کنڈیاں اَور پٹّیاں چاندی کی تھیں۔ صحن کے تمام پایوں کی پٹّیاں چاندی کی تھیں۔

صحن کے دروازہ کے لیٔے پردے نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے سُوت اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان کا تھا جِس پر بیل بُوٹے کشیدہ کئے ہویٔے تھے اَور وہ بیس ہاتھ لمبا3 تھا اَور صحن کے پردوں کی طرح پانچ ہاتھ اُونچا تھا۔ اَور اُس کے لیٔے چار بَلّیاں اَور کانسے کے چار پایٔے تھے۔ اُن کی کنڈیاں اَور پٹّیاں چاندی کی تھیں اَور اُن کے سِروں پر چاندی منڈھی ہُوئی تھی۔ اَور مَسکن کے خیمہ اَور اُس کے اِردگرد صحن کی تمام میخیں کانسے کی تھیں۔

مَسکن کا سامان

یہ ہیں اُس سامان کے اعدادوشمار جو مَسکن اَور شہادت کے خیمہ کے لیٔے اِستعمال کئےگئے ہیں اَور جسے مَوشہ کے حُکم سے اَہرونؔ کاہِنؔ کے بیٹے اِتمارؔ کی زیرِ ہدایت لیویوں نے قلم بند کیا۔ (بصل ایل بِن اوری بِن حُورؔ نے جو یہُوداہؔ کے قبیلہ سے تھا سَب کچھ بنایا جِس کا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ اَور اُس کے ساتھ دانؔ کے قبیلہ کا اُہلیابؔ بِن احیسمکؔ تھا جو ایک اعلیٰ درجہ کا صنعت کار اَور نقّاش تھا اَور نیلے اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے سُوت اَور نفیس کتان کی کشیدہ کاری میں ماہر تھا)۔ اَور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر چڑھایا جانے والا جِتنا سونا پاک مَقدِس کے لیٔے اِستعمال ہُوا وہ اُنتیس قِنطار اَور پاک مَقدِس کی ثاقل کے حِساب سے سات سَو تیس ثاقل تھا۔4

اَور وہ چاندی جو جماعت کے اُن افراد سے حاصل کی گئی جو مردُم شماری میں گنے گیٔے ایک سَو تالنت5 اَور پاک مَقدِس کی ثاقل کے حِساب سے ایک ہزار سات سَو پچھتّر ثاقل6 تھی۔ یعنی ایک بیکا فی کس جو پاک مَقدِس کی ثاقل کے حِساب سے نیم ثاقل7 تھی ہر ایک سے لی گئی جو بیس بَرس یا اُس سے زِیادہ عمر کا تھا اَورجو شُمار کئے ہوؤں میں شامل تھا۔ اِن مَردوں کی کُل تعداد چھ لاکھ تین ہزار پانچ سَو پچاس تھی۔ ایک سَو تالنت چاندی پاک مَقدِس اَور پردوں کے پایوں کے ڈھالنے کے لیٔے اِستعمال کی گئی یعنی ایک سَو تالنت سے ایک سَو پایٔے اَور ہر پایٔے کے لیٔے ایک تالنت۔ اَور اُنہُوں نے بَلّیوں کے لیٔے کنڈیاں اَور بَلّیوں کے سِروں کو منڈھنے اَور اُن کی پٹّیاں بنانے کے لیٔے ایک ہزار سات سَو پچھتّر ثاقل چاندی اِستعمال کی۔

اَور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر چڑھائے جانے سے جو کانسے حاصل ہُوا وہ وزن میں ستّر تالنت اَور دو ہزار چار سَو ثاقل8 تھا۔ اَور اُنہُوں نے اُسے خیمہ اِجتماع کے دروازہ کے پایوں اَور کانسے کے مذبح اُس کا جنگلہ اَور اُس کے تمام ظروف بنانے کے لیٔے اَور اِردگرد کے صحن کے پایوں کے لیٔے اَور دروازہ کے پایوں کے لیٔے اَور مَسکن کے خیمہ کی تمام میخوں کے لیٔے اَور اِردگرد کے صحن کی میخوں کے لیٔے اِستعمال کیا۔

Source notes (8)
  1. Footnote پچاس ہاتھ چوڑا تقریباً تئیس میٹر
  2. Footnote پندرہ ہاتھ لمبے تقریباً چھ میٹر آٹھ سَو سینٹی میٹر
  3. Footnote بیس ہاتھ لمبا تقریباً نَو میٹر
  4. Footnote تقریباً ایک میٹرک ٹن
  5. Footnote ایک سَو تالنت تقریباً تین میٹرک ٹن اَور چار سَو کِلوگرام
  6. Footnote ایک ہزار سات سَو پچھتّر ثاقل تقریباً بیس کِلوگرام
  7. Footnote نیم ثاقل تقریباً چھ گرام
  8. Footnote ستّر تالنت اَور دو ہزار چار سَو ثاقل تقریباً 2 میٹرک ٹن اَور چار سَو کِلوگرام

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.