Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

واعظ 4

ظُلم و سِتم، محنت اَور فقدانِ دوستی

پھر مَیں نے نظر دَوڑائی اَور اُس تمام ظُلم و سِتم کو دیکھا جو دُنیا میں ہو رہاتھا:

مَیں نے مظلوموں کے آنسُو دیکھے،

جنہیں تسلّی دینے والا کویٔی نہ تھا؛

اقتدار ظُلم و سِتم کرنے والوں کے ہاتھ میں ہے۔

اَور مظلوموں کو تسلّی دینے والا کویٔی نہیں ہے۔

اِس لیٔے مَیں نے مُردوں کو

جو مَر چُکے ہیں،

اُن زندوں سے جو ابھی مَوجُود ہیں،

زِیادہ مُبارک سمجھا۔

لیکن اِن دونوں سے زِیادہ مُبارک وہ شخص ہے

جو ابھی پیدا ہی نہیں ہُوا،

اَور جِس نے اُن تمام بُرائیوں کو دیکھا تک نہیں

جو اِس دُنیا میں کیٔے جا رہے ہیں۔

اَور مَیں نے یہ بھی پایا کہ ساری محنت اَور ساری کامیابی ہی اِنسان اَور اُس کے ہمسایہ کے درمیان حَسد کی وجہ ہے۔ یہ بھی باطِل اَور ہَوا کو پکڑنے کے برابر ہے۔

احمق اَپنے ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھا رہتاہے

اَور خُود کو برباد کرتا ہے۔

سکون کے ساتھ حاصل ہونے والی تھوڑی سِی دولت

سخت محنت و مشقّت سے حاصل ہونے والی اُس اِفراط دولت سے زِیادہ بہتر ہے

جو ہَوا کو پکڑنے کے برابر ہے۔

ایک بار پھر مَیں نے دُنیا میں کچھ اَیسی چیز دیکھی جو باطِل ہے:

ایک آدمی بالکُل تنہا تھا؛

اُس کا نہ تو کویٔی بیٹا اَور نہ ہی کویٔی بھایٔی تھا۔

اُس کی محنت و مشقّت کی کویٔی اِنتہا نہ تھی،

پھر بھی اُس کی آنکھیں اُس کی دولت سے مطمئن نہ تھیں۔

اُس نے پُوچھا، ”میں کس کے لیٔے محنت و مشقّت کر رہا ہُوں،

اَور مَیں کیوں اَپنے آپ کو عیش و عشرت سے محروم رکھے ہُوئے ہُوں؟“

یہ بھی باطِل ہے۔

اَور بڑے دُکھ کی بات ہے!

ایک سے بہتر دو ہوتے ہیں،

کیونکہ اُنہیں اَپنے کام سے بڑا فائدہ ہوتاہے:

اَور اگر اُن میں سے ایک نیچے گِر جائے تو،

دُوسرا اَپنے دوست کو اُوپر اُٹھالے گا۔

لیکن افسوس اُس آدمی پرجو گرتا ہے

اَور اُسے اُٹھانے والا کویٔی دُوسرہ مَوجُود نہیں ہوتا!

اگر دو شخص اِکٹھّے سوتے ہیں تو دونوں گرم رہیں گے۔

لیکن اکیلا شخص خُود کو کیسے گرم رکھ سَکتا ہے؟

کویٔی اکیلا ہو تو وہ مغلُوب ہو سَکتا ہے،

لیکن دو ہُوں تو وہ اَپنا تحفُّظ کر سکتے ہیں۔

جَیسا کہ کہاوت ہے تین تو اَور بہتر ہیں کیونکہ تین لڑیوں کی ڈوری آسانی سے نہیں توڑی جا سکتی۔

ترقّی باطِل ہے

ایک غریب عقلمند نوجوان بادشاہ کسی احمق بُوڑھے بادشاہ سے بہتر ہے جو خُود کو مشورت سے بے نیاز سمجھتا ہو۔ چاہے وہ نوجوان قَیدخانہ سے نکل کر بادشاہی پائی ہو یا اَپنی سرزمین میں غربت ہی پیدا کیوں نہ ہُوا ہو۔ مَیں نے پھر غور کیا کہ وہ سَب جو دُنیا میں زندہ چلتے پھرتے ہیں، اُس دُوسرے نوجوان کے پیچھے ہو لیٔے جو بادشاہ کا جانشین تھا۔ وہ اَپنے زمانہ کے بے شُمار لوگوں کا اَور بعد میں آنے والی بے شُمار پُشت کا بادشاہ تھا، لیکن بعد میں آنے والی بے شُمار پُشت اُس جانشین سے خُوش نہ تھی اَور نہ ہی اُنہُوں نے اُس کے کاموں کی تعریف کی۔ بے شک یہ بھی باطِل اَور ہَوا کو پکڑنے کے برابر ہے۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.