Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

دانی ایل 6

دانی ایل شیروں کی ماند میں

بادشاہ داریاویشؔ نے اَپنی خُوشی سے ایک سَو بیس ناظِم مُقرّر کئے جو اُس کی ساری مملکت میں حُکومت کرتے تھے۔ اَور اُن کے اُوپر تین وزیر بھی مُقرّر کئے جِن میں سے ایک دانی ایل تھا۔ اَور ناظِموں کو تینوں وزیر کے ماتحت کر دیا گیا تاکہ بادشاہ کو کوئی نُقصان نہ اُٹھانا پڑے۔ چونکہ دانی ایل میں ایک فاضل رُوح تھی اِس لئے وہ اُن وزیروں اَور ناظِموں پر اِس قدر سبقت لے گیا کہ بادشاہ نے اُسے ساری مملکت پر مُختار ٹھہرانے کا اِرادہ کیا۔ اِس پر وُزراء اَور ناظِم، دانی ایل کے خِلاف حُکومت کی کارکردگی میں خامیاں ڈھونڈنے لگے لیکن وہ اُس میں کامیاب نہ ہُوئے۔ اُنہُوں نے اُس میں کویٔی بُرائی نہ پائی کیونکہ وہ دیانتدار تھا، اَپنے چال چلن میں لاپروا نہ تھا۔ بلآخر اُن لوگوں نے کہا، ”ہم اِس شخص دانی ایل کے خِلاف کبھی کویٔی قُصُور نہ پا سکیں گے جَب تک کہ اُس کا تعلّق اُس کے خُدا کی شَریعت سے نہ ہو۔“

چنانچہ وزیر اَور ناظِم مِل کر بادشاہ کے پاس گیٔے اَور کہنے لگے: ”اَے بادشاہ داریاویشؔ، آپ اَبد تک زندہ رہیں، شاہی وُزراء، حاکم، ناظِم، مُشیر اَور سردار سَب اِس بات پر مُتّفِق رائے رکھتے ہیں کہ بادشاہ ایک فرمان جاری کرے اَور یہ حُکم دے کہ اگلے تیس دِنوں میں جو کویٔی اَے بادشاہ، آپ کے سِوا کسی اَور معبُود یا اِنسان سے کویٔی درخواست کرے، اُسے شیروں کی ماند میں پھینک دیا جائے۔ اَب اَے بادشاہ یہ حُکم جاری کریں اَور اُس نوشتہ پر دستخط کریں تاکہ مادیوں اَور فارسیوں کے آئین کے مُطابق جو لاتبدیل ہوتے ہیں، اُسے بھی بدلا نہ جائے۔“ چنانچہ داریاویشؔ بادشاہ نے یہ حُکم تحریر کروایا۔

جَب دانی ایل کو پتہ لگاکہ حُکم جاری ہو چُکاہے تو وہ اَپنے گھر گیا اَور اُوپر کے کمرہ میں چلا گیا جِس کی کھڑکیاں یروشلیمؔ کی جانِب کھُلتی تھیں۔ وہ دِن میں تین مرتبہ حسبِ معمول اَپنے گھُٹنے ٹیک کر دعا کرتا اَور اَپنے خُدا کی شُکر گزاری کرتا تھا۔ تَب یہ لوگ جمع ہوکر گیٔے اَور دانی ایل کو دعا کرتے اَور اَپنے خُدا سے مدد طلب کرتے ہُوئے پایا۔ تَب وہ بادشاہ کے پاس گیٔے اَور اُس سے اُس کے شاہی حُکم کے متعلّق یُوں ذِکر کیا: ”اَے بادشاہ کیا آپ نے یہ حُکم جاری نہیں کیا کہ اگلے تیس دِنوں میں اگر کویٔی شخص آپ کے سِوا کسی اَور معبُود یا اِنسان سے دعا مانگے تو اُسے شیروں کی ماند میں پھینکا جائے؟“

بادشاہ نے جَواب دیا، ”مادیؔ اَور فارسی قوانین کے ماتحت جو لاتبدیل ہیں یہ حُکم جاری کیا گیا ہے۔“

تَب اُنہُوں نے بادشاہ سے کہا، ”اَے بادشاہ، یہ دانی ایل جو یہُوداہؔ سے جَلاوطن ہوکر آئے ہُوئے لوگوں میں سے ہے وہ آپ کی اَور آپ کے اُس تحریری حُکم کے متعلّق پروا نہیں کرتا۔ وہ اَب تک دِن میں تین بار دعا کرتا ہے۔“ بادشاہ نے جَب یہ سُنا تو وہ بےحد رنجیدہ ہُوا؛ اَور دانی ایل کو بچانا چاہتا تھا اَور دِن ڈھلنے تک اُسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتا رہا۔

تَب وہ لوگ جمع ہوکر داریاویشؔ بادشاہ کے پاس گیٔے اَور اُس سے کہنے لگے، ”اَے بادشاہ، آپ کو یاد ہوگا کہ، مادیؔ اَور فارسی قانُون کے مُطابق بادشاہ کا جاری کیا ہُوا حُکم یا فرمان بدلا نہیں جا سَکتا۔“

چنانچہ بادشاہ نے حُکم دیا اَور وہ دانی ایل کو لے آئے اَور اُسے شیروں کی ماند میں پھینک دیا۔ بادشاہ نے دانی ایل سے کہا، ”تمہارا خُدا جِس کی تُم ہمیشہ عبادت کرتے ہو، وُہی تُمہیں بچائے!“

اَور ایک پتّھر لاکر ماند کے مُنہ پر رکھ دیا گیا اَور بادشاہ نے اَپنی اَور اَپنے اُمرا کی انگُوٹھیوں سے اُس پر مُہر لگا دی تاکہ وہ بات جو دانی ایل کے حق میں ٹھہرائی گئی تھی اُسے کویٔی تبدیلی نہ کرے۔ تَب بادشاہ اَپنے محل میں لَوٹ آیا اَور اُس نے بغیر کچھ کھائے اَور بنا کسی موسیقی ساز کے رات گزاری لیکن اُسے ساری رات نیند نہیں آئی۔

پَو پھٹتے ہی صُبح بادشاہ اُٹھ گیا اَور جلدی سے شیروں کی ماند کی طرف گیا۔ جَب بادشاہ ماند کے نزدیک پہُنچا تو اُس نے نہایت درد بھری آواز میں دانی ایل کو پُکارا، ”اَے دانی ایل، زندہ خُدا کے بندے، کیا تمہارا خُدا جِس کی تُم ہمیشہ عبادت کرتے ہو وہ تُمہیں شیروں سے بچا سَکا؟“

دانی ایل نے جَواب دیا، ”اَے بادشاہ، آپ اَبد تک زندہ رہیں، میرے خُدا نے اَپنے فرشتہ کو بھیجا جِس نے شیروں کے مُنہ بند کر دئیے۔ اَور اُنہُوں نے مُجھے کویٔی ضرر نہیں پہُنچایا کیونکہ مَیں اُس کی نگاہ میں بے قُصُور ٹھہرا تھا۔ اَور اَے بادشاہ نہ مَیں نے آپ کے حُضُور میں کبھی کویٔی خطا کی۔“

چنانچہ بادشاہ بےحد مسرُور ہُوا اَور حُکم دیا کہ دانی ایل کو ماند سے نکالا جائے۔ اَور جَب دانی ایل ماند سے نکالا گیا تَب اُس کے جِسم پر کویٔی زخم نہ پایا گیا کیونکہ اُس نے خُدا پر توکّل کیا تھا۔

تَب بادشاہ کے حُکم کے مُطابق جِن لوگوں نے دانی ایل کی چُغلی کی تھی اُنہیں لایا گیا اَور اُنہیں اُن کی بیویوں اَور بچّوں سمیت شیروں کی ماند میں پھینک دیا گیا اَور اِس سے قبل کہ وہ ماند کی تہہ کے فرش تک پہُنچتے شیروں نے اُن پر جھپٹّا مارا اَور اُن کی ہڈّیوں تک کو چبا ڈالا۔

تَب داریاویشؔ بادشاہ نے مُلک بھر میں تمام لوگوں، قوموں اَور مُختلف زبانیں بولنے والے لوگوں کو خط لِکھّا:

”تمہارا اِقبال بُلند ہو!

”میں یہ حُکم دیتا ہُوں کہ میری مملکت کے ہر حِصّہ میں، لوگ دانی ایل کے خُدا کا خوف مانیں اَور اُس کا اِحترام کریں۔

”کیونکہ وُہی زندہ خُدا ہے

اَور وہ اَبد تک قائِم ہے۔

اُس کی بادشاہی تباہ نہیں ہوگی،

اَور اُس کی مملکت کبھی ختم نہیں ہوگی۔

وُہی چُھڑاتا اَور بچاتا ہے؛

اَور وُہی آسمان اَور زمین پر

نِشانات اَور عجائبات کر دِکھاتا ہے۔

اُسی خُدا نے دانی ایل کو

شیروں کی طاقت سے چھُڑایا ہے۔“

اِس طرح داریاویشؔ مادیؔ اَور خورشؔ فارسی دونوں کے دَورِ حُکومت میں دانی ایل کامیابی پاتا گیا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.