Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 شموایلؔ 8

داویؔد کی فتوحات

کچھ عرصہ بعد داویؔد نے فلسطینیوں کو شِکست دی اَور اُنہیں مغلُوب کیا اَور خاص شہر میتھیگ امّہؔ کو فلسطینیوں کے ہاتھ سے چھین لیا۔

اَور داویؔد نے مُوآبیوں کو بھی شِکست دی۔ اُنہُوں نے اُنہیں زمین پر اُلٹا کر جریبی رسّی سے ناپا اَور رسّی کی ہر دو لمبائیوں تک کے لوگ قتل کر دئیے گیٔے اَور ہر تیسری لمبائی تک کے زندہ رہنے دئیے گیٔے۔ پس مُوآبی داویؔد کے محکُوم ہوکر اُسے خراج دینے لگے۔

علاوہ ازیں داویؔد نے ضوباہؔ کے بادشاہ رحوبؔ کے بیٹے ہددعزرؔ کو شِکست دی جَب وہ دریائے فراتؔ پر اَپنی یادگار کو بحال کرنے گیا تھا۔ اَور داویؔد کے ایک ہزار رتھ، سات ہزار رتھ بان اَور بیس ہزار پیادہ سپاہی پکڑ لئے۔ اُس نے ایک سَو رتھ کے گھوڑوں کے سِوا باقی سَب کی کونچیں کاٹ ڈالیں۔

اَور جَب دَمشق کے ارامی ضوباہؔ کے بادشاہ ہددعزرؔ کی مدد کو آئے تو داویؔد نے اُن میں سے بائیس ہزار کو قتل کیا۔ اَور اُس نے دَمشق کی ارامی بادشاہی میں فَوجی چوکیاں قائِم کر دیں اَور ارامی بھی اُس کے تابع ہوکر خراج دینے لگے۔ اَور جہاں کہیں بھی داویؔد گیا یَاہوِہ نے اُسے فتح بخشی۔

داویؔد نے ہددعزرؔ کے فَوجی سرداروں کی سونے کی ڈھالیں لے لیں اَور اُنہیں یروشلیمؔ میں لے آیا۔ اَور ہددعزرؔ کے قصبوں طیبحؔ یا بیطح اَور بیروتی سے داویؔد بادشاہ نے کانسے کی بڑی مقدار پر قبضہ کر لیا۔

جَب حماتؔ کے بادشاہ تُوعیؔ نے سُنا کہ داویؔد نے ہددعزرؔ کے تمام فَوج کو شِکست دے دی۔ تو اُس نے اَپنے بیٹے یُورامؔ کو داویؔد بادشاہ کے پاس بھیجا تاکہ وہ داویؔد بادشاہ کو ہددعزرؔ پر فتح پا لینے کے لیٔے سلام کہے اَور اُسے مُبارکباد دے کیونکہ ہددعزرؔ تُوعیؔ کے ساتھ لڑتا رہتا تھا۔ اَور یورامؔ چاندی، سونے اَور کانسے کے ظروف اَپنے ساتھ لایا۔

داویؔد بادشاہ نے اُنہیں یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کر دیا جَیسا کہ اُس نے ساری مغلُوب قوموں کے سونے چاندی کو کیا تھا۔ اِدُومیوں یعنی ارامیوں، مُوآبیوں، بنی عمُّون، فلسطینیوں اَور عمالیقیوں سے حاصل کیا ہُوا سونا چاندی اَور رحوبؔ کے بیٹے ہددعزرؔ، شاہِ ضوباہؔ کا مالِ غنیمت۔

جَب داویؔد اٹھّارہ ہزار ارامیوں1 کو وادی شور میں مار گرانے کے بعد لَوٹا تو اُس کے نام کو بڑی شہرت مِلی۔

اَور اُس نے سارے اِدُوم میں فَوجی چوکیاں قائِم کیں اَور تمام اِدُومی داویؔد کے مطیع ہو گئے اَور یَاہوِہ نے داویؔد کو جہاں کہیں وہ گیا فتح بخشی۔

داویؔد کے افسر

داویؔد نے تمام اِسرائیل پر حُکمرانی کی اَور اَپنی ساری رعایا کے ساتھ نہایت ہی اِنصاف اَور راستی سے پیش آتے رہے۔ اَور یُوآبؔ بِن ضرویاہؔ فَوج کا سپہ سالار تھا اَور یہوشافاطؔ بِن احِیلودؔ مورّخ تھا؛ اَور صدُوقؔ بِن احِیطوبؔ اَور احِیملکؔ بِن ابیاترؔ کاہِنؔ تھے؛ اَور سِرایاہؔ میر مُنشی تھا؛ اَور بِنایاہؔ بِن یہُویدعؔ کریتیوں اَور پِلیتھیوں کا مُنشی تھا؛ اَور داویؔد کے بیٹے2 کاہِنؔ تھے۔

Source notes (2)
  1. Footnote ارامیوں چند نُسخوں میں اِدُوم لِکھا ہے
  2. Footnote بیٹے اعلیٰ حُکاّم مزید دیکھیں 1 توا 18‏:17‏

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.