Skip to content
BibleKenya

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ

2 تواریخ 16

آساؔ کے آخِری سال

آساؔ کے دَورِ حُکومت کے چھتّیسویں سال میں شاہِ اِسرائیل بعشاؔ نے یہُوداہؔ پر حملہ کیا اَور اُس نے رامہؔ کی قلعہ بندی کر دی تاکہ کوئی بھی شخص شمالی اِسرائیل کی سرحد سے شاہِ یہُودیؔہ آساؔ کے پاس آنے جانے نہ پائے۔

تَب آساؔ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے خزانوں سے اَور اَپنے شاہی محل سے چاندی اَور سونا نکال کر دَمشق میں ارام کے بادشاہ بِن ہددؔ کے پاس اِس پیغام کے ساتھ بھیجا۔ ”میرے اَور آپ کے درمیان عہد باندھا جائے،“ اُنہُوں نے کہا، ”جَیسا کہ میرے باپ اَور آپ کے والد کے درمیان عہد تھا۔ دیکھو، مَیں آپ کے لیٔے چاندی اَور سونے کا نذرانہ بھیج رہا ہُوں۔ لہٰذا اَب آپ شاہِ اِسرائیل بعشاؔ سے اَپنا عہد توڑ دیجئے تاکہ وہ میرے علاقہ سے اَپنی فَوج ہٹا لے۔“

بِن ہددؔ نے آساؔ بادشاہ کی بات مان لی اَور اَپنے فَوجی دستوں کے سپہ سالاروں کو اِسرائیل کے شہروں پر حملہ کرنے کا حُکم دیا اَور اُنہُوں نے عِیونؔ، دانؔ، ابیل مائیمؔ اَور نفتالی کے ذخیرہ کے سَب شہروں پر قبضہ کر لیا۔ جَب بعشاؔ نے یہ سُنا تو اُس نے رامہؔ کی قلعہ بندی کی تعمیر کرنا روک دیا۔ تَب آساؔ بادشاہ نے یہُوداہؔ کے تمام لوگوں کو ہمراہ لیا اَور وہ رامہؔ سے وہ پتّھر اَور لکڑی جسے بعشاؔ تعمیر کے لیٔے اِستعمال کر رہاتھا اُٹھاکر لے آئے اَور اُن سے اُس نے گِبعؔ اَور مِصفاہؔ کو تعمیر کیا۔

اُسی وقت حنانیؔ غیب بین نے شاہِ یہُودیؔہ آساؔ کے پاس آکر فرمایا: ”کیونکہ آپ نے ارام کے بادشاہ پر اِعتبار کیا ہے اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا پر اِعتماد نہیں رکھا اِس لیٔے ارام کے بادشاہ کی فَوج آپ کے ہاتھ سے بچ نکلی ہے۔ کیا کُوشی اَور لیبیا کی زبردست فَوج، رتھوں اَور گُھڑسواروں کے ساتھ آپ سے جنگ کرنے نہیں آئی تھی؟ تاہم جَب آپ نے یَاہوِہ پر اِعتماد کیا تو اُنہُوں نے اُنہیں آپ کے ہاتھ میں کر دیا۔ کیونکہ یَاہوِہ کی آنکھیں ساری زمین کو دیکھتی رہتی ہیں تاکہ وہ اُن لوگوں کو مضبُوط کریں جِن کے دِل ہمیشہ یَاہوِہ سے پُوری طرح وابستہ رہتے ہیں۔ آپ نے حماقت سے کام لیا ہے لہٰذا اَب سے آپ جنگ میں اُلجھے رہیں گے۔“

یہ سُن کر آساؔ غیب بین سے کافی ناراض ہو گیا اَور اِس قدر غضبناک ہُوا کہ اُس نے اُسے قَیدخانہ میں ڈال دیا۔ اَور اُس وقت آساؔ نے کیٔی لوگوں کو اَپنے ظُلم و تشدّد کا شِکار بنایا۔

آساؔ کے دَورِ حُکومت کے شروع سے لے کر آخِر تک کے کارناموں کا بَیان یہُوداہؔ اَور اِسرائیل کے بادشاہوں کی کِتاب میں قلم بند ہیں۔ اَور آساؔ کے دَورِ حُکومت کے اُنتالیسویں سال میں آساؔ کے پاؤں میں کوئی لاعلاج بیماری لگ گئی؛ پھر بھی اُس نے اَپنی بیماری کی حالات میں بھی یَاہوِہ کی تلاش نہیں کی بَلکہ صِرف طبیبوں پر تکیہ کرتا رہا۔ آساؔ نے اَپنے دَورِ حُکومت کے اکتالیسویں سال میں وفات پائی اَور اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا۔ اَور اُنہُوں نے اُسے داویؔد کے شہر میں اُس قبر میں دفن کیا جو اُس نے اَپنے لیٔے کھُدوائی تھی۔ اُنہُوں نے اُسے تابُوت میں لِٹا دیا جِس میں مَسالے اَور مُختلف قِسم کے اعلیٰ عطر ڈالے گیٔے تھے اَور اُنہُوں نے آساؔ کے اِحترام میں بڑی آگ اَور بخُور جَلایا۔

Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ‫‏ ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ ‎“Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.

Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.

BibleKenya

Reader settings

Theme
Font
Alignment
Reading width

Saved in this browser and used offline too. Press ? for keyboard shortcuts.