Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ
1 تواریخ 20
ربّہؔ پر قبضہ
موسمِ بہار میں اُس وقت جَب بادشاہ جنگ کرنے نکلتے ہیں یُوآبؔ نے مُسلّح افواج کے ساتھ چڑھائی کی اَور بنی عمُّون کے مُلک کو اُجاڑ ڈالا اَور ربّہؔ کو چلےگئے اَور اُس کا محاصرہ کیا۔ لیکن داویؔد یروشلیمؔ میں ہی رہے۔ اَور یُوآبؔ نے ربّہؔ پر حملہ کرکے اُسے تباہ کر دیا۔ اَور جَب داویؔد ربّہؔ پہُنچے تَب اُنہُوں نے اُن کے بادشاہ کے سَر سے سونے کا تاج اُتار لیا جِس کا وزن چونتیس کِلو تھا اَور اُس میں بیش قیمتی جواہر جڑے ہُوئے تھے۔ یہ تاج داویؔد کے سَر پر رکھا گیا۔ داویؔد کو اُس شہر سے لُوٹ کا اَور بھی بہت سا مال مِلا۔ اَور داویؔد شہر کے باشِندوں کو وہاں سے نکال لائے اَور اُنہیں جتّھوں میں تقسیم کرکے اُنہیں آروں لوہے کی کُدالوں اَور کُلہاڑوں سے بیگار میں کام کرنے پر لگایا۔ داویؔد نے بنی عمُّون کے تمام شہروں سے اَیسا ہی سلُوک کیا۔ اُس کے بعد داویؔد اَور اُن کی تمام فَوج کے سارے آدمی یروشلیمؔ لَوٹ آئے۔
فلسطینیوں کے ساتھ جنگ
اُس کے بعد گِزرؔ میں فلسطینیوں کے ساتھ جنگ شروع ہو گئی۔ تَب حُوشاتی سِبّکائی نے سپّائیؔ کو جو قدیم زمانے کے بڑے جِسامت والے اِنسانی رفائیمؔ کی نَسل سے تھا، قتل کیا اَور فلسطینی مغلُوب ہو گئے۔
فلسطینیوں کے ساتھ ایک اَور جنگ میں اِلحنانؔ بِن یائیرؔ نے گِتّی گولیتؔ کے بھایٔی لاحمیؔ کو جِس کے نیزے کی چھڑ جُلاہے کے شہتیر کے برابر تھی مار ڈالا۔
ایک اَور جنگ میں بھی جو گاتؔھ میں ہُوئی ایک بڑا قدآور آدمی تھا جِس کے ہر ہاتھ اَور ہر پاؤں کی چھ چھ اُنگلیاں تھیں یعنی کُل چوبیس تھیں۔ وہ بھی کسی رافاؔ کی نَسل سے تھا۔ جَب اُس نے اِسرائیل کی توہین کی تو داویؔد کے بھایٔی شِمعاؔ کے بیٹے یُوناتانؔ نے اُسے مار ڈالا۔
یہ تمام لوگ گاتؔھ میں رافاؔ کی نَسل سے تھے اَور داویؔد اَور اُس کے آدمیوں کے ہاتھوں مارے گیٔے۔
Biblica® آزادانہ اردو ہم عصر ترجمہ. Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 Biblica, Inc. Licensed under CC BY-SA 4.0. ”Biblica“ اَور ریاست ہائے متحدہ کے حُقُوق کی سند اَور رجسٹرڈ تجارتی کےذریعہ Biblica Inc نشان دَفتر میں درج ہیں۔وہ اجازت کے ساتھ اسیعمال کیا جاتاہے۔ “Biblica” is a trademark registered in the United States Patent and Trademark Office by Biblica, Inc. Source: eBible.org. Typeset from the source files; no intended changes to scripture wording. BibleKenya is not endorsed by the rights holder.
Full source notice & licence · CC BY-SA 4.0 · SourceEdition imported 2026-10-25.